پاکستان پڑوسیوں سمیت دنیا بھر سے برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہشمند ہے ،اسدقیصر

پاکستان پڑوسیوں سمیت دنیا بھر سے برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہشمند ہے ...

  

دو حہ (این این آئی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں ہو تا، پاکستان نہ صرف ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے بلکہ اپنے پڑوسیوں سمیت دنیا بھر میں مساوات، احترام اور برابری کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گزشتہ روزقطرکے دارالحکومت دوحہ میں منعقدہ 4روزہ بین الپارلیمانی یونین کی 140ویں اسمبلی کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی عوام اور پارلیمینٹ کی جانب سے نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ اور ان کے عوام سے دلی دکھ اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام گزشتہ2دہائیوں سے دہشتگردی کے ناسور سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے نبرد آزما ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس جنگ میں ہمارے ساٹھ ہزار سے زائدشہری شہید ہو چکے ہیں۔اسد قیصرنے کہاکہ حالیہ دنوں میں جنوبی ایشیا میں کشیدگی کے باعث شدت پسندی کو فروغ ملا ہے جبکہ تنازعات کے پرامن حل کیلئے پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ مشرق وسطی کی موجودہ صورت حال پر تشویش ہے۔انہوں نے کہاکہ جنگیں سیاسی تنازعات کا حل نہیں ہوتیں بلکہ انسانی اور مادی حیثیت پر گہرے نقوش چھوڑدیتی ہیں لہٰذا جنگ کے حقیقی امکانات کو ماند کرنے کیلئے ہمیں بات چیت کے دروازے کھلے رکھنا ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کر کے کشیدہ تعلقات کو بہتر بنایا جا سکتا ہے اور خطے کو جنگ کی ہولناکیوں سے بچایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان امن، سلامتی اور ترقی کیلئے اتفاق رائے پر یقین رکھتا ہے۔اسد قیصر نے مزیدکہاکہ متحرک پارلیمان ہی امن، خوشحالی، اور تعلیم کی حقیقی ضامن ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -