تھرپارکر،کم عمر لڑکیوں سے شادی کے جرم میں دلہا سمیت 8 افراد گرفتار

تھرپارکر،کم عمر لڑکیوں سے شادی کے جرم میں دلہا سمیت 8 افراد گرفتار

  

تھرپارکر (این این آئی)تھرپار کے مرکزی شہر مٹھی میں شادی کی تقریب کے دوران پولیس نے کم عمر دو لڑکیوں سے شادی کے جرم میں دونوں دولھا سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔کالوئی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او حسین بخش نے بتایا کہ مٹھی میں دو کم عمرلڑکیوں کی شادی کی تقریب جاری تھی جہاں بروقت پہنچ کر دونوں دولھا اور نکاح خواں کو گرفتار کرلیا۔انہوں نے کہاکہ 14 سالہ کلثوم کی شادی 24 سالہ محمد جمن لْند اور 15 سالہ نسیمہ کی شادی 23 سالہ امام الدین کے ساتھ ہورہی تھی۔پولیس دولہنوں کو بھی تفتیش کیلئے تھانے لے آئی۔نجی ٹی وی کے مطابق ایس ایچ او نے بتایا کہ لڑکیوں کے ایک قریبی رشتے دار نیک محمد کی شکایت پر پولیس نے مجموعی طور پر 8 افراد کے خلاف سندھ چائلڈ میرج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔پولیس کے مطابق دلہن نسیمہ کے والد اور کلثوم کے بھائی کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ایس ایچ او نے بتایا کہ دونوں لڑکیوں کو چیئرمین یونین کونسل غلام نبی لْند کو اس ضمانت کے ساتھ حوالے کیا کہ وہ دونوں لڑکیوں کو عدالت میں پیش کریں گے۔

تھرپارکر

مزید :

صفحہ آخر -