ہیپا ٹائٹس کی روک تھام کیلئے ڈینگی طرز کی مہم چلانا ہو گی،غیا ث النبی

ہیپا ٹائٹس کی روک تھام کیلئے ڈینگی طرز کی مہم چلانا ہو گی،غیا ث النبی

  

لاہور (جنرل رپورٹر) تیزی سے پھیلتی ہوئی ہیپا ٹائٹس کی بیماری سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے اور اس پر قابو پانے کے لئے ڈینگی کی طرز پر جنگی بنیادوں پر مہم شروع کرنا ہو گی اور اس ضمن میں فیملی فزیشنز ، لیڈی ہیلتھ ورکرز ، میڈیکل سٹوڈنٹس اور پیرا میڈیکل سٹاف کے علاوہ سماجی تنظیموں کو بھی آگے آ کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا کیونکہ ان کے موثر تعاون سے ہی ہیپا ٹائٹس کے مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ان خیالات کا ا ظہار پروفیسر آف میڈیسن لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے کاہنہ کی یونین کونسل 244 میں ہیپا ٹائٹس کے مرض کے لئے لگائے گئے فری سکریننگ کیمپ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا جہاں صرف ایک یونین کونسل سے 215 افراد کاہیپا ٹائٹس کا مفت ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے 72 افراد اس مرض میں مبتلا پائے گئے جبکہ 50 افراد ہیپا ٹائٹس سی اور 22 بی کیٹیگری کا شکار تھے ۔ پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ جس طرح ملک کو پولیو سے پاک کرنے کے لئے گھر گھر ٹیمیں بھیجی جا رہی ہیں اسی طرح ہیپا ٹائٹس سے آگاہی اور اس کے بچاؤ کے لئے بھی ہمیں ڈور ٹو ڈور مہم شروع کرنا ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کے مختلف مقامات پر فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کا مقصد لوگوں میں ہیپا ٹائٹس سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے ۔ طب سے وابستہ افراد کے علاوہ شہریوں کو بھی اپنی صحت کا مکمل خیال رکھنا چاہیے اور چھوٹی سے چھوٹی مرض کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے ۔ پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ ہیپا ٹائٹس کے پھیلتے ہوئے مرض کو کنٹرول کرنے کے لئے گراس روٹ لیول پر جانا ہو گا جس کے لئے لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز کا فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد خو ش آئندہ امر ہے

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -