حکومت نے آٹھ ماہ میں ملک کو آئی سی یو میں پہنچا دیا ،اویس نورانی

حکومت نے آٹھ ماہ میں ملک کو آئی سی یو میں پہنچا دیا ،اویس نورانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی ) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے آٹھ ماہ میں ملک کو آئی سی یو میں پہنچا دیا ہے۔ معیشت وینٹی لیٹر پر چل رہی ہے۔ حکومتی نااہلی کی وجہ سے ملک مسائلستان بن چکا ہے۔ حکومت سیاسی درجہ حرارت بڑھانے کی بجائے ہوش مندی سے کام لے۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا ہے۔ عمران خان عقل اور شعور سے عاری شخص ہے۔ حکومتی کشتی میں کئی سوراخ ہو چکے ہیں۔ حکومت اپوزیشن کی للکار اور یلغار کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں رکھتی۔ مغرب میں مسلمانوں کے خلاف جرائم بڑھ رہے ہیں۔ امت مسلمہ داخلی انتشار سے نکل کر اسلامو فوبیا جیسے چیلنج کا مقابلہ کرے۔ مغرب میں نسل پرستی کا خمار سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ مغربی مفکرین نے مسلمانوں کے خلاف بغض پھیلایا جو اب اسلامو فوبیا کی خطرناک شکل اختیار کر چکا ہے۔ ہماری سیاست کا مرکز و محور اسلام اور پاکستان ہے۔

ہمارے ملک میں جمہور اور جمہوریت کی بات کرنے والوں کو اچھوت بنا دیا جاتا ہے۔ حکومت اور عدلیہ قوم کو بتائے کہ پاناما پیپرز میں شامل 450 افراد کے خلاف کاروائی کیوں نہیں ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ ہمارا حکومت سے نہیں حکومتی ایجنڈے سے اختلاف ہے۔ موجودہ حکومت امریکہ اور مغرب کو خوش کرنے کے لئے اسلام دشمن پالیسیاں بنا رہی ہے۔ سیلیکٹڈ حکومت عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتی۔ پاکستان میں قادیانی و یہودی ایجنڈا نہیں چلنے دیں گے۔ دینی قوتوں کو دیوار کے ساتھ لگانے کی سازشیں بند کی جائیں۔پاکستان کو سیکورٹی سٹیٹ نہیں ویلفیئر سٹیٹ بنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں فکری آلودگی پھیلائی جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی الزام اور انتقام کی سیاست کو پروان چڑھا رہی ہے۔ احتساب کے نام سیاسی انتقام کا بازار گرم ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے نام پر مساجد و مدارس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔