پنجابی کھیل ’’مریا ہویا کتا‘‘ کے سپیشل شو کی شاندار پذیرائی

پنجابی کھیل ’’مریا ہویا کتا‘‘ کے سپیشل شو کی شاندار پذیرائی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(فلم رپورٹر)اجوکا تھیٹر کے معروف پنجابی کھیل "مریا ہویا کتا" کے سپیشل شو کی شاندار پذیرائی ، "آرٹ آف ایکٹنگ " کلاس کے طلبا کی بہترین پرفارمنس پنجابی کمپلیکس میں ہونے والی پرفارمنس میں سینیٹر ولید اقبال اور ڈاکٹر صغری صدف کے ساتھ شائقین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ اجوکا تھیٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد محمود ندیم کے تحریر کردہ پنجابی کھیل " مریا ہویا کتا" کے سپیشل شو کا اہتمام جمعے کی شام پنجابی کمپلیکس میں کیا گیا جس میں ادب ، تھیٹر اور زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ اجوکا انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام آرٹ آف ایکٹنگ اور رائٹنگ کورس کا دوسرا سیشن مکمل ہو گیا ہے جس کے سلسلے میں ہونے والے ڈرامے کے سپیشل شو میں باصلاحیت نئے فنکاروں نے اپنی پہلی لائیو پرفارمنس سے شائقین کی داد سمیٹی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی سینیڑ ولید اقبال اور ڈاکٹر صغری صدف نے کورس مکمل کرنے والے فنکاروں میں انعامات تقسیم کئے جبکہ تقریب میں رائٹنگ کورس مکمل کرنے والے تخلیق کاروں کو بھی سرٹیفیکیٹس دئیے گئے۔ ڈائریکٹر نروان ندیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اجوکا تھیٹر نوجوان فنکاروں کی تربیت اور حوصلہ افزائی کیلئے ایکٹنگ کورسز اور پرفارمنسز کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھے گا تاکہ نئے فنکاروں کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اجوکا انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام ہونے والا کورس ایک درجن سے زائد طلبا نے مکمل کیا ہے جن میں فیصل آباد کے دو طلبا بھی شامل ہیں۔

مزید :

کلچر -