صوبائی حکومت حسب وعدہ تبدیلی کے نعرے پر کامیابی سے عمل پیرا ہے: ضیاء اللہ بنگش
پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواکے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت حسب وعدہ تبدیلی کے نعرے پر کامیابی سے عمل پیراہے اور اس نے ہر شعبے میں شفافیت اور میرٹ کی بالادستی قائم کرکے حقیقی تبدیلی کا عملی طور پر آغازکر دیاہے جسے ہر سطح پر واضح طور پر محسوس کیاجارہاہے۔ وہ اپنے حلقہ نیابت کے علاقہ استرزئی میں مقامی عمائدین کے جرگہ سے باتیں کررہے تھے۔ اس موقع پر مقامی عمائدین نے علاقے کے مسائل کو اجاگر کیا جن کاانہوں نے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلایا۔ مشیر تعلیم نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے رشوت اور اقربا ء پروری کا خاتمہ کرکے محکموں کو نئے خطوط پر استوار کردیاہے یہی وہ تبدیلی ہے جس کا تحریک انصاف نے لوگوں سے وعدہ کیا ہے اور اسی بناء پر پی ٹی آئی دوبارہ الیکشن میں بھاری مینڈیٹ کے ساتھ برسراقتدارآئی ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی عوام کو مایوس نہیں کریں گے ۔ضیاء بنگش نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعلیم ،صحت ،پولیس اور دیگر محکموں سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرکے انہیں عوام کے سامنے جوابدہ بنادیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں لوٹ مار کرنے والے کرپٹ سیاسی مخالفین تحریک انصاف کی حکومتوں کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں لیکن وہ باشعور عوام کوکبھی بھی ورغلانہیں سکتے کیونکہ وہ کئی بار آزمائے جا چکے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ اپنے حلقہ نیابت میں لوگوں کی بلا تفریق خدمت ان کامشن ہے اوران کی کامیاب ترقیاتی حکمت عملی کے اثرات اب ہر طرف واضح نظر آرہے ہیں ۔مشیر تعلیم نے کہاکہ استرزئی میں زیر تعمیر ڈگری کالج کی راہ میں تمام رکاوٹیں دورکردی گئیں ہیں اور بہت جلد اس میں کلاسوں کا اجرء کیاجائے گا۔