وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کیلئے پی سی ٹو بن رہی ہے: شفقت محمود

وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کیلئے پی سی ٹو بن رہی ہے: شفقت محمود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر)وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمودنے کہا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کیلئے پی سی ٹو بن رہی ہے اور منصوبے کے تحت وہاں تین شعبے ہونگے۔انہوں نے کہاکہ قبائلی اضلاع میں بھی بچوں کی داخلہ مہم کا آغاز کردیا گیااور رواں سال 8 لاکھ بچوں کو داخل کرایا جائیگا۔ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے گزشتہ حکومت کی ناقص معاشی پالیسی کے باعث بہت سے محکمے اور شعبے خسارے میں جارہے تھے جن میں بہتری لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ پیر کے روز وزیراعلیٰ کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ بنگش کے ہمراہ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شفقت محمودنے کہا کہ قومی تعلیم کا پروگرام میں اہم پیش رفت ہے قبائلی اضلاع میں 8 لاکھ بچوں کو داخلہ مہم کے تحت سکولوں میں داخلہ کروا رہے ہیں،بیشتر تعداد ان بچوں کی ہے جو اسکول نہیں جا رہے تھے، اسلام آباد میں بھی ایسا پروگرام لانچ کیا تھا اورضلع خیبر میں بچوں کی داخلہ مہم کا آغاز کردیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکول میں لاسکے، شرح خواندگی کے ساتھ معیار کو بھی بڑھانا ہے اور قبائلی اضلاع میں تعلیم پر بہت توجہ دینی ہوگی ۔وفاقی وزیر تعلیم نے کہاکہ پاکستان میں تین قسم کے تعلیمی پروگرام چل رہے ہیں تاہم حکومت کی کوشش ہے یکساں تعلیمی نظام رائج کر دیا جائے، ملک میں تعلیم کا معیار بہتر بنانا ہے یونیورسٹیوں کو اچھا کرنا ہے ،مضامین، زبان اور مندرجات کے حوالے سے اس پر کام ہو رہا ہے،ہنر سیکھانے کے پروگرام کیے جا رہے ہیں اورتعلیم کے سلسلے میں خیبر کا دورہ مفید تھا، تعلیم کے حوالے سے مسائل بھی نظر آئے جس کو حل کرنے کیلئے حکومت کوشاں ہے ۔انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں کرپشن کی تحقیقات کی جارہی ہے جو بھی ملوث نکلا اسکو سزا دی جائے گی،: کسی بھی تعلیمی ادارے میں نشہ آور چیز برداشت نہیں کی جائیگی اوروزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کیلئے پی سی ٹو بن رہی ہے۔ ضیاء ا للہ بنگش نے کہاکہ رواں سال 8 لاکھ بچوں کو داخل کرایا جائیگا جو بڑا ہدف ہے اور بیشتر تعداد ان بچوں کی ہے جو اسکول نہیں جاتے ہیں، حکومت کی کوشش ہے کہ مختلف تعلیمی نظام کو اکٹھا کرکے ایک نظام بنائے ۔

مزید :

صفحہ اول -