’’پڑھو اور پڑھاؤ تحریک، تعلیم عام کرنے کی بہترین کاوش ہے: حافظ نعیم الرحمن

’’پڑھو اور پڑھاؤ تحریک، تعلیم عام کرنے کی بہترین کاوش ہے: حافظ نعیم الرحمن

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کے عوام کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنا حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے مگر افسوس کہ حکمرانوں نے ہمیشہ شعبہ تعلیم کو نظر انداز کیا ہے اوراپنی ذمہ داری کبھی پوری نہیں کی۔اپنی مدد آپ کے تحت جماعت اسلامی کے کارکنوں کی جانب سے ’’پڑھو اور پڑھاؤ تحریک ‘‘ایک قابل تحسین کاوش اورتعلیم کو عام کرنے اور مستحق اور ضرورت مند طلباء کو سہولت اور آسانی فراہم کرنے کی تحریک ہے،جماعت اسلامی گزشتہ کئی برسوں سے نئے تعلیمی سال کی آمد کے موقع پر کیمپ لگاتی ہے جس سے ہزاروں والدین اور طلباء و طالبات استفادہ کرتے ہیں ،طالب علموں کے لیے درسی کتب اور دیگر تعلیمی اشیاء کی فراہمی کا یہ سلسلہ مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون گلشن اقبال کے تحت ’’پڑھو اور پڑھاؤ تحریک ‘‘ کے سلسلے میں غریب اور ضرورت مندوں بچوں کے لیے اسکول کی کتابیں ، بیگ ،یونیفارم اور دیگر تعلیمی اشیاء کی مفت فراہمی کے حوالے سے بیت المکرم مسجد کے سامنے گراؤنڈمیں لگائے گئے تین روزہ کیمپ کے آخری دن اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے سابق رکن قومی اسمبلی محمد لئیق خان ، کراچی پریس کلب کے سیکریٹری ارمان صابر، امیر زون خضر باقی ، نعمان پٹیل اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔جماعت اسلامی کی جانب سے نئے تعلیمی سال کی آمد کے موقع پر گزشتہ کئی برسوں سے یہ کیمپ لگائے جارہے ہیں۔ جہاں سے ہزاروں کی تعدا دمیں والدین اور طلباء و طالبات مستفید ہوتے ہیں ۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن ،محمد لیئق خان ، ارمان صابر اور دیگر مہمانوں نے بچوں اور بچیوں میں مفت بیگ اور درسی کتابیں بھی تقسیم کیں ۔کیمپ پر والدین اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی جو اپنی ضرورت کی درسی کتب دیگر تعلیمی اشیاء حاصل کررہی تھی ۔طلبہ و طالبات اور والدین کی جانب سے جماعت اسلامی کی ان کوششوں کو بھر پور سراہا گیا ۔قبل ازیں مختلف علاقوں میں عوام سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ اپنی استعمال شدہ درسی کتب کو اور دیگر تعلیمی اشیاء کیمپ پر جمع کرادیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے اس قابل تقلید سرگرمی اور پڑھو اور پڑھاؤ تحریک کیمپ کے انعقاد پر جماعت اسلامی گلشن اقبال کے کارکنوں اور ذمہ داران کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس دور میں جب تعلیم مہنگی ہوگئی ہے اور ریاست اور حکومت تعلیم کی سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہے۔یہ ’’پڑھو اور پڑھاؤ ‘‘تحریک تازہ ہوا جھونکا ہے ۔ عام اور غریب طبقے کے لیے اور متوسط گھرانوں کے لیے آج اپنے بچوں کو تعلیم دلوانا مشکل سے مشکل تر ہوتا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے شعبے میں 2فیصد بجٹ تک رکھنے پر تیار نہیں ہے۔ سندھ کے اندر ساڑھے چار ہزار سرکاری اسکول ہیں لیکن ان کی حالت انتہائی ابتر ہے اور بہتری کی کوئی صورت بھی نظر نہیں آتی ۔ انہوں نے حکمرانوں سے سوال کیا کہ کیا وہ اپنے بچوں کو ان سرکاری اسکولوں میں تعلیم دلاسکتے ہیں ؟۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو کوئی سہولت فراہم نہیں کی اور شعبہ تعلیم کا بھی برا حال ہے ۔ جماعت اسلامی کراچی میں عوام کو ریلیف کی فراہمی اور مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے ۔جماعت اسلامی عوامی خدمت اور مسائل کے حل کی جدوجہد جاری رکھے گی ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -