مہنگائی کی بنیادی وجہ سودی نظام معیشت ہے ،محمد حسین محنتی

مہنگائی کی بنیادی وجہ سودی نظام معیشت ہے ،محمد حسین محنتی

  

عمرکوٹ(خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اسلامی و کرپشن فری پاکستان ہی خوشحال و مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے، مہنگائی کی بنیادی وجہ سودی نظام معیشت ہے تبدیلی کا نعرہ دھوکہ قرآن و سنت کا نظام اور مخلص قیادت کو آگے لانے سے ہی ملک و قوم کو مہنگائی سمیت مسائل سے نجات مل سکتی ہے۔ جماعت اسلامی ظلم کے نظام کے خاتمے اور اسلام کے عادلانہ نظام کیلئے کوشاں ہے۔ کرپٹ قیادت و کرپشن نے ملک کو دیوالیہ بنادیا ہے۔ انسان کی عزت ایمان عمل اور اللہ کے خوف سے ہوتی ہے مال و دولت کسی حد تک ضروری ہے مگر مقصد زندگی نہیں اربوں روپے کے مالک پریشان اور نیب میں پیشیاں بھگت رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمر کوٹ، کنری، سامارو، چھور اور شادی پلی میں دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں منعقدہ عوامی دعوتی و تنظیمی اجتماعات سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ ضلعی امیر ابو اسامہ کھوکھر اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء انہوں نے درگاہ گلزار خلیل آف سامارو کے سجادہ نشین پیر ایوب جان سرہندی سے ملاقات اور ملک و ملت کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ جماعت اسلامی سندھ کے تحت جاری دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم کو مزید تیز کرنے کیلئے آئندہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو سندھ بھر میں دعوتی کیمپ لگائے جائیں گے۔ جو بندہ مومن اللہ کے دین کیلئے اخلاص کے ساتھ کام کرتا ہے تو اللہ اس کی مشکلیں آسان اور دنیا و آخرت میں سرخرو کرتا ہے۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد دینی و سیاسی جماعت ہے جو موروثیت سے پاک اور کسی فرد کی بجائے اللہ کی طرف بلاتی ہے۔معاشرے کی اصلاح کے بغیر ملک میں حقیقی تبدیلی نا ممکن ہے دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کا مستقبل ہے اس لئے عوام صالح معاشرہ اور اسلامی انقلاب کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔

Ba

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -