بجلی کے نرخوں میں اضافہ کو واپس لیا جائے ،مولانا عبدالرحمن سلفی

بجلی کے نرخوں میں اضافہ کو واپس لیا جائے ،مولانا عبدالرحمن سلفی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت غربا ء اہل حدیث پاکستان مولانا عبدالرحمن سلفی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو اس امر کا احساس ہونا چاہیے کہ ملک میں صرف امراء و روساء اور دولت مند افراد ہی نہیں رہتے بلکہ اکثر آبادی ا س طبقہ کی بھی ہے جس کے پاس دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہورہا ہے ۔ ان حالات میں حکومت کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں وقفے وقفے سے مسلسل اضافہ ان کے لئے زندگی گزارنے کے ایک عمل کو عذاب میں تبدیل کردے گا۔ انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ آج کے جدید دور میں پیٹرولیم مصنوعات ٗ گیس اور بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافہ کا مطلب تمام اشیاء ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کے طوفان کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ محنت کش اور تنخواہ دار طبقہ کی دسترس سے اشیاء ضرورت کی چیزوں کو خریدنا ان کے لئے مشکل ہوتا جارہا ہے۔ لہذا ہم اپنی جماعت کی جانب سے وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بجلی کے نرخوں کے اضافہ کو واپس لیا جائے کیونکہ یہ اضافہ کسی مسئلہ کا حل نہیں بلکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اداروں کے نظام کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ عوام کو مزید ریلیف میسر آسکے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -