مضر صحت برائلر مرغی کی فروخت پر فوری پابندی عائد کی جائے کوکب اقبال

مضر صحت برائلر مرغی کی فروخت پر فوری پابندی عائد کی جائے کوکب اقبال

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مرغی کی فیڈ میں خطرناک دھاتوں کی وجہ سے برائلر مرغی مضر صحت قرار دینے کی جامعہ کراچی کے ماہرین شعبہ انوائرمینٹل اسٹڈیز کی رپورٹ کے بارے میں کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے کیپ کے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مضر صحت برائلر مرغی کی فروخت پر فوری پابندی عائد کی جائے۔ سندھ فوڈ اتھارٹی مضر صحت مرغی فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی نے مرغی کی فیڈ میں خطرناک دھاتوں کی نشان دہی کیوں نہیں کی یہ ایک سوالیہ نشان ہے۔ کوکب اقبال نے کہا کہ کل کمشنر کراچی میں مرغیوں اور انڈوں کی سپلائی کو یقینی بنانے اور ان کے نرخ طے کیے جانے کے سلسلے میں ایک اجلاس بلایا گیا ہے اس اجلاس کو منسوخ کرکے پولٹری ایسوسی ایشن سے مضر صحت برائلر مرغی فروخت کرنے کی باز پرس کی جائے اور تا وقتیکہ کہ ماہرین شعبہ انوائرمینٹل اسٹڈیز کی رپورٹ صحیح نہیں آجاتی برائلر مرغی کی فروخت پر فوری پابندی عائد کی جائے۔ صارفین کی صحت سب سے اہم ہے۔ کوکب اقبال نے کہا کہ جب برائلر مرغی مضر صحت قرار دی گئی ہے تو یقیناًانڈے بھی مضر صحت ہوں گے اس کے لیے ماہرین پر مشتمل کمشنر کراچی کی نگرانی میں کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں میڈیا اور صارفین کے نمائندے بھی شامل ہوں۔انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ جامعہ کراچی کے ماہرین شعبہ انوائرمینٹل اسٹڈیز کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے باوجود ابھی تک مضر صحت برائلر مرغی کی فروخت پر حکومت کا کوئی لائحہ عمل سامنے نہیں آیا۔ کوکب اقبال نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر خوراک ہری رام کشوری لال سے فوری ایکشن لینے کی اپیل کی ہے انہوں نے صارفین کو ان کے مفاد میں مضر صحت برائلر مرغی کی خریداری نہ کرنے کی ہدایت دی تاکہ ان کی صحت خراب ہونے سے محفوظ رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مرغی فروخت کرنے والی دکانیں گندگی کا ڈھیر دکھائی دیتی ہیں صفائی ستھرائی کا ناقص انتظام ہے مگر اس کے باوجود انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -