بلدیہ ٹاؤن میں فائرنگ سے ریٹائرڈپولیس انسپکٹرجاں بحق
کراچی (کرائم رپورٹر)بلدیہ ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان نے ہوٹل میں گھس کر فائرنگ سے ریٹائرڈپولیس انسپکٹرکو ہلاک اور دو افراد کو زخمی کردیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ اتحاد ٹاؤن کی حدود بلدیہ ٹاؤن میں پکورا چوک کے قریب واقع الغازی ریسٹورنٹ پر پیر کی دوپہر موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم ملزمان آئے جنہوں نے اندر گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 65سالہ محمد صدیق جاں بحق اور دو افراد محمد شفیق اور خیال محمد زخمی ہوگئے،ملزمان فرار ہونے لگے تو ان کی موٹرسائیکل اسٹارٹ نہیں ہوئی جس پروہ ایک شہری سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے،مقتول کی لاش اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا،س واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایس پی ویسٹ شوکت کھٹیان نفری کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ،پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا محمد صدیق ہوٹل کا مالک اور ٹریفک پولیس کا ریٹائرڈ انسپکٹر تھا،مقتول اتحاد ٹاؤن کا رہائشی تھا،پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے تاہم اس سلسلے میں مزید تفتیش کی جارہی ہے،آئی جی سندھ سید کلیم امام نے ایس ایس پی ویسٹ سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے، ادھر لانڈھی میں واقع اسٹار گراؤنڈ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 12سالہ لڑکا زخمی ہوگیا،زخمی ظاہر ولد ہجرت خان کو طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کردی گیا،پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔