عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق عمران کرپٹ ترین حکمران، چانڈیو
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عالمی بنک کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کرپٹ ترین حکمران ثابت ہو چکے،عوام کی خوشحالی اور ملکی سلامتی کیلئے اس حکومت کو الوداع کہنے کا وقت آگیا ہے،اس حکومت کا جانا ناگزیر بن چکا،عمران خان کو اب اعتراف کرنا پڑے گا کہ وہ تاریخ کے کرپٹ ترین حکمران ہیں ،خان صاحب سیاست کو آلودہ، سیاسی قوتوں اور جمہوری اداروں کو بدنام کرنے پر قوم سے معافی مانگیں۔پیر کو پیپلز کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے ورلڈ بنک کی رپورٹ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی نااہل حکومت نے ملک ضیا ء دور میں دھکیل دیا، عوام کی خوشحالی اور ملکی سلامتی کیلئے اس حکومت کو الوداع کہنے کا وقت آگیا ہے،اس حکومت کا جانا ناگزیر بن چکا ، بہتر ہے حکومت گھر چلی جائے، اس سے پہلے کے عوام سڑکوں پر آکر حکومت کے بکھیے ادھیڑ دے یہ خود گھر جائیں۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ نااہل حکومت اور ناکام وزیراعظم جتنا وقت رہیں گے بدحالی ہی پھیلائیں گے، خان صاحب کی ناکامیاں معیشت، صنعت سمیت ہر شعبے کو لے ڈوبی ہیں، عمران خان فرماتے تھے کہ حکمران ایماندار ہو تو ہر شعبہ اوپر اٹھ جاتا ہے، اپنے بیان کے اور عالمی بنک کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کرپٹ ترین حکمران ثابت ہو چکے ہیں ، ٹیکس کلیکشن گر چکی، خان صاحب کے مطابق حکمران کرپٹ ہوں تو لوگ ٹیکس نہیں دیتے۔انہوں نے کہا کہ وفاق، پنجاب اور بلوچستان میں ٹیکس کلیکشن پہلے سے کم ہوئی ہے، وفاق اور تینوں صوبوں میں ترقیاتی فنڈز پر کٹ لگا دیے گئے ہیں، عمران خان کو اب اعتراف کرنا پڑے گا کہ وہ تاریخ کے کرپٹ ترین حکمران ہیں، خان صاحب سیاست کو آلودہ، سیاسی قوتوں اور جمہوری اداروں کو بدنام کرنے پر قوم سے معافی مانگیں، ملک میں سیاسی اور بدترین معاشی بحران کی وجہ سے عوام کا حکومت سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔ مولابخش چانڈیو نے مزید کہا کہ عمران خان اپنے ناکامیوں کو دوسروں پر الزامات عائد کر کے چھپانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔