عمران خان اور مودی میں فرق نہیں ،دونوں کا انداز ایک جیسا ، عبدالغفورحیدری

عمران خان اور مودی میں فرق نہیں ،دونوں کا انداز ایک جیسا ، عبدالغفورحیدری

  

جیکب آباد(این این آئی)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے عمران خان کو مودی کا شاگرد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اور مودی میں کوئی فرق نہیں ،دونوں کی گفتار کا انداز ایک جیسا ہے۔ وہ جیکب آباد میں جے یو آئی کے ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی رہائشگاہ پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اس کی کابینہ میں شامل وزراء جس انداز میں گفتگو کررہے ہیں وہ قابل مذمت ہے،انہوں نے کہا کہ عمران خان مودی کا شاگرد ہے مودی نے بھی انتخابات سے پہلے 2کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دینے کا اعلان کیا تھا عمران خان نے بھی ایک کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دینے کا جھوٹا دعویٰ کیا، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے سی پیک کو ’’پیک ‘‘ کردیا ہے ، سی پیک پاکستان کی خوشحالی کا ضامن ہے مگر حکمرانوں نے اس کو بند کردیا ہے جوکہ قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول سیکھنے سمجھنے کا مراحل سے گذار رہا ہے مولانا فضل الرحمن نے تو ان کو اچھا مشورہ دیا تھا کوئی بری بات نہیں تھی ، بچے بڑوں سے سیکھتے ہیں مگر پتہ نہیں کیوں بلاول کو یہ بات بری لگی اصل میں ان کے مشیر پتہ نہیں کون سے ہیں جو اس کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہماری دعا ہے کہ بلاول سیکھنے کے مراحل کو مکمل کریں ،ایک سوال میں جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ٹرین مارچ ایک وقتی شو تھا جو کراچی سے لاڑکانہ برسی تک آنا تھا اس کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔

عبدالغفورحیدری

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -