”مجھے بتایا گیا تھا کہ عابد اچھا کھلاڑی ہے لیکن جب اسے کھیلتے دیکھا تو۔۔۔“ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور دل کی بات زبان پر لے آئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹر عابد علی نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں آسٹریلیا کیخلاف ڈیبیو میچ میں سنچری بنائی تو راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے اور ورلڈکپ کیلئے قومی سکواڈ میں انہیں شامل کئے جانے کی باتیں کی جانے لگیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور بھی عابد علی کے کھیل سے انتہائی متاثر نظر آتے ہیں جنہوں نے ان کی کارکردگی کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے سنچری بناتے ہوئے دیکھنا بہت ہی زبردست تجربہ تھا۔
چونکہ ہم نے اس سیریز سے پہلے اکٹھے کام نہیں کیا تھا اس لئے میں یہ امید نہیں کر رہا تھا۔ مجھے یہ بتایا گیا تھا کہ وہ کتنا اچھا کھلاڑی ہے، لیکن جتنی خوبصورتی سے اس نے بال کو ٹائم کیا، وہ بہت ہی حوصلہ افزاءتھا، فرنٹ فٹ، بیک فٹ، آف سائیڈ، لیگ سائیڈ، آپ کوئی بھی شاٹ دیکھ لیں۔
گرانٹ فلاور نے تسلیم کیا کہ عابد علی سمیت چند کھلاڑی آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے دوران یو یو ٹیسٹ پاس نہیں کر سکے تھے جو کہ ورلڈکپ سکواڈ میں شامل ہونے کیلئے ضروری ہے۔