کرونا وائرس انسانی المیہ سے کسی مذہب، مسلک سے جوڑا نہیں جا سکتا: اسد قیصر

      کرونا وائرس انسانی المیہ سے کسی مذہب، مسلک سے جوڑا نہیں جا سکتا: اسد قیصر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آن لائن)قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ کرونا وائرس انسانی المیہ ہے اور اسے کسی مذہب و مسلک سے جوڑا نہیں جا سکتا۔ وفاقی دارالحکومت میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر مذہبی امور نور الحق قادری و دیگر وزار سمیت مختلف علما نے شرکت کی، جس میں تبلیغی جماعت کے بعد زائرین کو درپیش مسائل پر گفتگو کی گئی۔اجلاس سے خطاب میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کرونا وائرس انسانی المیہ ہے اور اسے کسی مذہب و مسلک سے جوڑا نہیں جاسکتا۔ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے اس حوالے سے تبلیغی جماعت کے اکابرین کو اعتماد میں لیا جبکہ آج اہل تشیع اکابرین کو مدعو کیا گیا کیونکہ موجودہ صورت حال میں ہم سب کو متحد ہوکراس مشکل سے نمٹنا ہوگا۔اسد قیصر نے کہا کہ علما کرام پوری قوم کی رہنمائی کریں، ہمیں مل کر پاکستان کو ایک پرامن ملک بنانا ہے، تمام لوگوں کے برابر حقوق ہیں اور اس سلسلے میں ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کرونا وائرس کی صورتحال کی نگرانی کے لیے بنائی گئی کمیٹی ترجیحی بنیادوں پر مسائل کو حل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ان تمام اقدامات کے بارے میں وزیراعظم سے بھی بات چیت کی ہے اور انہیں کے مشورے سے یہ سب اقدامات کر رہا ہوں اور ہماری کوشش ہے کہ مسائل کو حل کریں اور پروٹوکول کا خیال رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ جو پاکستانی بیرون ملک پھنسے ہوئے ہیں ان کے لیے یہ کمیٹی وار فوٹنگ(جنگی بنیادوں)پر کام کرے گی اور مسائل کو حل کرے گی۔انہوں نے قوم سے درخواست کی کہ ایسے حالات میں آپ کو اس وبا کو شکست دینی ہے جس کے لیے بنیادی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔شب برات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آج کی رات عبادت کریں لیکن اپنے گھروں تک محدود رہیں، لہذا میری تمام علما سے اپیل ہے کہ وہ اپنی بنیادی ذمہ داری پوری کریں جبکہ ریاست بھی اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی

مزید :

صفحہ آخر -