سٹاک مارکیٹ میں مندی، ڈالر کی قدر 10پیسے کم، سونا فی تولہ 200روپے سستا
کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان، کے ایس ای 100 انڈیکس 260.28پوائنٹس کی کمی سے 30971.27 پوائنٹس کی سطح پرآ گیا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 67ارب98کروڑ93لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔تفصیلات کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز کاروبار کے آغاز سے منفی رجحان دیکھنے میں آیا، مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 260.28پوائنٹس کی کمی سے30971.27پوائنٹس پر بند ہوا۔مارکیٹ میں مجموعی طور پر333کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے115کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ193کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور25کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔دوسری جانب انٹر بینک میں پاکستانی روپے کے مقابل امریکی ڈالر کی قدر میں 10پیسے کی کمی ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر مستحکم رہا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر168.10روپے سے گھٹ کر168روپے ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت خرید167روپے اور قیمت فروخت168روپے مستحکم رہی۔علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں 4ڈالرکی کمی سے فی اونس سونے کی قیمت1652ڈالرہوگئی،جس کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی فی تولہ قیمت200روپے کم ہوگئی۔آل کراچی صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 200روپے کمی سے 96ہزار800 اور10 گرام سونے کی قیمت172روپے کمی سے82ہزار990روپے ہوگئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 950روپے مستحکم رہی۔
سٹاک مارکیٹ