طور خم بارڈر کھلنے کے بعد اب تک 15ہزار افراد کو افغانستان بھیج دیا گیا ہے: محمود خان

طور خم بارڈر کھلنے کے بعد اب تک 15ہزار افراد کو افغانستان بھیج دیا گیا ہے: ...

  

پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ویڈیولنک کے ذریعے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے نیشنل کوآرڈنیشن کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ملک بھر میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال اور اس کے تدارک کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات سے فورم کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پشاور کے علاقے دوران پور میں قائم قرنطینہ مرکز میں مقیم تمام 152 افراد کو اپنے گھروں کو بھیج دیا گیا ہے،درا زندہ میں قائم قرنطینہ مرکز مکمل طور پر خالی ہو گیا ہے جبکہ گومل میڈیکل کالج میں قائم قرنطینہ سے بھی لوگوں کی اپنے گھروں کو واپسی جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ طور خم بارڈر کھلنے کے بعد اب تک 15 ہزار افغان باشندوں کو افغانستان بھیج دیا گیا ہے۔ صوبے میں ضروری صنعتوں کو مشروط طور پر کھولنے کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے اجلاس کو بتایا کہ اس وقت وضع کردہ طریقہ کار پر عمل درآمد کی شرط پر سیمنٹ کی صنعت کو کھول دیا گیا ہے جبکہ تمباکو، ماچس اور سٹیل کی صنعتوں کو بھی کھولا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت چھوٹی صنعتوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے پر کام کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئے ان صنعتوں کے نمائندوں کا ایک اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے، جس میں اس حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ متعلقہ وفاقی وزراء کے علاوہ عسکری اور سول اداروں کے اعلیٰ حکام اور چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -