کراچی پولیس چیف کی لاک ڈاؤن کو غیر سنجیدہ لینے پر سختی کی ہدایت

کراچی پولیس چیف کی لاک ڈاؤن کو غیر سنجیدہ لینے پر سختی کی ہدایت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(کرائم رپورٹر)ملک بھر کے بیشتر شہروں کی طرح کراچی میں بدستور لاک ڈاؤن جاری ہے اور مقررہ اوقات کار میں اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھولی جارہی ہیں اور بینکوں کے باہر بے تحاشا رش ہے، جبکہ کراچی پولیس چیف نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر افسران کو کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔کراچی میں 17ویں روزبدھ کوبھی لاک ڈاؤن رہا، شاہراہوں پر پولیس اور رینجرز کے ناکوں میں سختی کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، شہر کی بڑی مارکیٹیں بدستور بند رہیں مگر علاقوں کے اندر موجود چھوٹے چھوٹے بازاروں اور بینکوں کے باہر بے تحاشا رش دیکھا گیا۔شہر میں پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر آگاہی کیمپ بھی لگائے گئے ہیں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اور ماسک پہننے کی ہدایت بھی کی جارہی ہے۔شب برات کے موقع پر قبرستانوں کے دروازے بھی بند رہے اور شہریوں کو اپنے مردہ گان کی فاتحہ خوانی کے لیے آنے سے منع کردیا گیا ہے۔کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کی صدارت میں پولیس افسران کا اجلاس ہوا جس میں افسران کو شہریوں کے ساتھ سختی سے پیش آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔کراچی پولیس چیف نے کہاکہ کوشش ہوگی کہ شہریوں کو صرف ضرورت کے تحت نکلنے دیا جائے، خلاف ورزی پر افسران کو کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ شہری لاک ڈاؤن کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں، خلاف ورزی پر کارروائی اور جرمانہ بڑھانے پر بھی غور کیاجا رہا ہے، جبکہ کوئی فیکٹری کھلی تو مالک کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔غلام نبی میمن نے کہا کہ گزشتہ دو روز سے ناکہ بندی کا سلسلہ کم کیا گیا تھا، تاہم شہریوں کی غیر سنجیدگی پر مزید سختی کا فیصلہ کیاگیا ہے۔