چین نے یورپی ملک کو تھوک لگادی، پہنچائے جانے والے 20 لاکھ ماسک ناکارہ نکلے
ہیلسنکی(مانیٹرنگ ڈیسک) فن لینڈ نے چین کو 20لاکھ فیس ماسک کا آرڈر دیا تھا لیکن جب یہ ماسک فن لینڈ پہنچے تو پتا چلا کہ یہ سب کے سب ناکارہ تھے۔ جکارتہ پوسٹ کے مطابق فن لینڈ نے یہ ماسک ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کے استعمال کے لیے خریدے تھے لیکن یہ اس معیار کے نہیں نکلے کہ انہیں ہسپتالوں میں استعمال کیا جا سکے۔فن لینڈ حکومت نے یہ ماسک چینی شہر گوانگ ژو کی ایک کمپنی سے خریدے تھے جنہیں فن ایئر کی ایک پرواز کے ذریعے ہیلسنکی ایئرپورٹ پہنچایا گیا۔
فن لینڈ کی وزیرصحت اینو کیزا پیکونین نے اس حوالے سے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر بتایا کہ ”ہم نے چین سے 2لاکھ 30ہزار ریسپائریٹر ماسک اور 20لاکھ سرجیکل ماسک خریدے تھے اور پہلے ہی بتا دیا تھا کہ ہم پہلے ان ماسکس کو ٹیسٹ کریں گے۔جب کھیپ یہاں پہنچی تو معلوم ہوا کہ یہ اس معیار کے نہیں تھے جو خریداری کے معاہدے میں طے پایا تھا۔ کمپنی کی طرف سے بھیجے گئے ماسک ہسپتال کے ماحول میں کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کی صلاحیت نہیں رکھتے تھے۔“