سعودی عرب کے 150 شہزادے کورونا میں مبتلا، شاہ سلمان اور محمد بن سلمان آئسولیٹ، شاہی خاندان کیلئے 500 بیڈز تیار

سعودی عرب کے 150 شہزادے کورونا میں مبتلا، شاہ سلمان اور محمد بن سلمان ...
سعودی عرب کے 150 شہزادے کورونا میں مبتلا، شاہ سلمان اور محمد بن سلمان آئسولیٹ، شاہی خاندان کیلئے 500 بیڈز تیار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن) سعودی عرب کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے کم از کم 150 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کو محفوظ مقام پر آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں کورونا وائرس کا نشانہ بننے والوں میں شاہی خاندان کے سینئر اور جونیئر افراد شامل ہیں۔

سعودی  دارالحکومت ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز آل سعود بھی کورونا کا نشانہ بنے ہیں، ان کی عمر 70 سال کے قریب ہے اور وہ اس وقت آئی سی یو میں ہیں۔

سعودی عرب کے شاہی خاندان کے افراد کے علاج کیلئے مختص ہسپتال میں  500 بیڈز تیار کیے جارہے ہیں  تاکہ کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی سے نمٹا جاسکے۔  کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال کی جانب سے منگل کے روز تمام ڈاکٹرز کو ایک مراسلہ بھیجا گیا ہے جس میں انہیں ملک بھر سے وی آئی پی شخصیات کے علاج کی تیاری کے حوالے سے کہا گیا ہے۔

مراسلے میں لکھا گیا ہے " ہمیں نہیں پتا کہ کتنے کیسز آنے والے ہیں لیکن ہمیں ہائی الرٹ رہنا ہوگا، عام مریضوں کو جلد از جلد منتقل کردیا جائے ، ہسپتال میں  صرف اعلیٰ شخصیات کے ایمرجنسی کیسز دیکھے جائیں گے۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر ہسپتال کے عملے میں سے کوئی شخص کورونا سے متاثر ہوا تو اس کا علاج نسبتاً کم درجے کے ہسپتال میں کیا جائے گا تاکہ شاہی خاندان کے افراد کیلئے ہسپتال میں جگہ بچی رہے۔

سعودی عرب کےبہت سے شہزادے یورپ اور امریکہ جاتے رہتے ہیں اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ لوگ وہاں سے کورونا وائرس اپنے ساتھ لے کر آئے ہیں۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچنے کیلئے شاہ سلمان کو جدہ کے قریب ایک جزیرے پر آئسولیٹ کردیا گیا ہے جبکہ ولی عہد محمد بن سلمان کو بحیرہ احمر کے پاس ایک جزیرے پر بھیجا گیا ہے۔