صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح: گورنر پنجاب 

صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح: گورنر ...

  

 لاہور، اوکاڑہ(نمائندہ خصوصی، بیورو رپورٹ) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اپنی سیاسی بقا کی جنگ لڑ رہی ہیں یہ استعفے دیں گی اور نہ ہی حکومت کو ان سے کوئی خطرہ ہے۔حکومت سمیت تمام ادارے ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے ایک پیج پر ہیں۔ ہم ملک کو آگے لیکر جانا چاہتے ہیں۔پنجاب کے تمام اضلاع میں یکساں تر قیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین تر جیح ہے۔وہ جمعرات کے روزلاہور سے ساہیوال روڈ کارپٹ کر نے کے 3ارب روپے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب اور میڈیاسے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقعہ پر جنر ل منیجر نیشنل ہائی وے افتخار احمد ساجد،ڈائر یکٹر نیشنل ہائی وے محمد عمران خان،ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے رانا محمد ندیم،چیئر مین پنجاب آب پاک اتھارٹی ڈاکٹر شکیل احمد،اوورسیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئر مین وسیم رامے اور رائے حسن نواز سمیت دیگر بھی موجو دتھے۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کے اقدامات کوسراہتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ پنجاب کے تمام جی ٹی روڈز کی تعمیر ومر مت کیلئے منصوبے پر کام کاآغاز ہوچکا ہے جبکہ سمندری سے ساہیوال 9ارب روپے کی موٹر وے کا منصوبہ بھی بنایا جارہا ہے جو لاہور سے کراچی موٹر وے کیساتھ لنک ہوگا۔گور نر پنجاب نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت بے گھر افراد کو چھت فراہم کر نے کیلئے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم پر تیزی کیساتھ کام کر رہی ہے اور 12اپر یل کو وزیر اعظم عمران خان لاہور میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم منصوبے کا افتتاح کررہے ہیں جس میں بغیر کسی سیاسی تفر یق کے سر کاری ملازمین سمیت عوا م کو آسان اقساط پر گھر فراہم کیے جائیں گے۔  اوکاڑہ سے بیورورپورٹ کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک میں میرٹ اور انصاف پر مبنی معاشرہ کے قیام کے لئے ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر کو شش کرنا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع اوکاڑہ کی تحصیل رینالہ خورد کے گاؤں 25ون اے ایل میں سر فیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا 5کروڑ 71لاکھ روپے کی لاگت سے بننے والے اس سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے 25ون اے ایل اور 28ون اے ایل دو چکوک کی آبادیوں کو پینے کا فلٹر شدہ صاف پانی دستیاب ہو گا یہ منصوبہ 6ماہ کی مدت میں مکمل ہو گا۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں 4ارب سے زائد کے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے شروع کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہر گاؤں،ہر قصبہ اور ہر شہر میں لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا ہو۔تقریب میں تحریک انصاف کے سنیئر راہنما سید گلزار سبطین،مہر محمد جاوید،سید اختر حسین شاہ،سید زین العابدین، محمد اقبال،ڈاکٹر محمد اظہر سمیت پارٹی کارکنا ن کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی اوکاڑہ آمد پر ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان اور پارٹی کے سنیئر راہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔

گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -