وزیراعظم سے حکومت نہیں چلتی وہ صرف خواتین کو روک سکتے ہیں، مریم اورنگزیب

وزیراعظم سے حکومت نہیں چلتی وہ صرف خواتین کو روک سکتے ہیں، مریم اورنگزیب

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے حکومت نہیں چلتی وہ صرف خواتین کو روک سکتے ہیں،اس کرپٹ، نالائق، نااہل حکمرانوں سے حکومت نہیں چلتی تو وہ ایسے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں،ڈسکہ کی عوام کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ کل 10 اپریل کو گھروں سے نکلیں اور الیکشن چوری کرنے والوں کا مقابلہ کریں اور اپنا بدلہ لیں،مریم نواز کی طبیعت بہت بہتر ہے اور وہ جلد اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گی۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے ابھی وہ رپورٹ آنا باقی ہے کہ پریذائیڈنگ افسروں کو کس نے اغوا ء کیا، فارم 45 میں کس نے تبدیلی کی، الیکشن کمیشن، انتظامیہ سمیت سب کو کہنا چاہتی ہوں کہ اگر آپ نے بھی سابقہ انتظامیہ والا معاملہ کیا تو عوام کا ہاتھ اور آپ کا گریبان ہو گا کیونکہ ووٹ کا تحفظ آپ کی ذمہ داری ہے،انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کیخلاف لہرائے جانے والے کاغذات کوڑے کے ڈبے کی زینت بن چکے ہیں اور اب شہزاد اکبر سمیت حکومت سے چینی کی قیمت کنٹرول نہیں ہو رہی،چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد چینی 120 روپے کلو ہو چکی ہے،اس حکومت کے اطراف میں چینی چور بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان سے قبل سب اشیائے خورو نوش مہنگی ہوں گی،ہمارا مطالبہ ہے کہ ان تمام اشیا ء کی قیمتوں میں فوری طور پر کمی لائی جائے۔

مریم اورنگزیب

مزید :

صفحہ آخر -