عیدکے بعد حکومت تمام شہریوں کیلئے ویکسین کی رجسٹریشن کھول دیگی، اسد عمر 

عیدکے بعد حکومت تمام شہریوں کیلئے ویکسین کی رجسٹریشن کھول دیگی، اسد عمر 

  

 اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسدعمر نے کہا ہے کہ حکومت عید کے بعد تمام شہریوں کے لیے کورونا ویکسین کی رجسٹریشن کا منصوبہ بنا رہی ہے۔سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کے حوالے سے آئندہ پانچ سے چھ ہفتوں کو اہم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اب تک نجی شعبے سے 14 ہزار افراد نے ویکسین لگوائی ہے،سرکاری سطح پر 11 افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ ویکسی نیشن کے لیے اس وقت چین، پاکستان کا بنیادی ذریعہ ہے جبکہ عید کے بعد ملک میں کورونا کی کین سینو ویکسین بھی دستیاب ہوگی۔اسد عمر نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ عید کے بعد ہم یومیہ ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگانے کے قابل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد پہلی لہر سے زیادہ ہے جو تشویش کی بات ہے۔وفاقی وزیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کے ذریعے کیسز کی شرح کو کم کیا جاسکتا ہے۔

 اسد عمر

مزید :

صفحہ آخر -