اپوزیشن اپنے جال میں خود ہی پھنس گئی، کوئی بھی قانون سے بالا ترنہیں: شبلی فراز 

اپوزیشن اپنے جال میں خود ہی پھنس گئی، کوئی بھی قانون سے بالا ترنہیں: شبلی ...

  

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے مفادات کی خاطر تحریک چلا رہی تھیں، اپوزیشن اپنے جال میں خود ہی پھنس گئی ہے، ہم اپنی کارکردگی پر توجہ دیں گے، قانون سازی،  اصلاحات پر ہماری توجہ ہوگی، مہنگائی پر جلد قابو پا لیں گے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، قانون سب کے لئے برابر ہے، کسی کے ساتھ انتقامی کارروائی نہیں ہو رہی،پاکستان تحریک انصاف اپنے فیصلے اصول کی بنیاد پر کرتی ہے، ہم اپنے سیاسی فائدے یا نقصان کی بنیاد پر فیصلے نہیں کرتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک میں نہ تو کوئی جان ہے اور نہ ہی ان کا کوئی مقصد ہے، یہ صرف اپنے ذاتی مفادات کے لئے برسر پیکار ہیں، اب اپوزیشن کا اتحاد بے نقاب ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ملک میں ایک قسم کا انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی تھی، جس کی وجہ سے ہم اپنی کوششوں اور کامیابیوں کو عوام کے سامنے نہیں لا سکے تھے، یہ ہمارے لئے ایک بہت بڑی تبدیلی ہے جس میں ہم شور شرابے اور منفی سیاست سے جان چھڑا کر  عوام کے مسائل حل کرنے، مہنگائی میں کمی لانے، قانون سازی اور عوام کی خدمت پر اپنی توجہ مرکوز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کی اپنی قابلیت اور صلاحیت ہوتی ہے اور کپتان کو معلوم ہوتا ہے کہ کس شخص کو کس پوزیشن پر کھلانا ہے، اب ہماری حکومت کی نصف مدت گزر چکی ہے، اب ہماری کوشش ہے کہ ہم بھرپور طریقے سے ملک و قوم کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھائیں۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں جب بھی کوئی تہوار آتا ہے یا رمضان المبارک کا مہینہ آتا ہے تو مارکیٹ میں مصنوعی مہنگائی کرنے والے عناصر خود فائدہ اٹھانے کے لئے چیزوں کو مزید مہنگا کر دیتے ہیں، یہ عمل ہماری مذہبی تعلیمات کے بھی خلاف ہے اور عوام کے ساتھ بھی زیادتی ہے، آٹا، چینی اور بنیادی اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے ہم نے کئی فیصلہ کن ایکشن بھی لئے ہیں۔  

سینیٹر شبلی فراز

مزید :

صفحہ آخر -