بجٹ میں تاجروں کو خصوصی ریلیف دیا جائے،ملک زمان نصیب
لاہور (سٹی رپورٹر) اعظم کلاتھ مارکیٹ لاہور اینڈ کراچی بلاک کے صدر ملک زمان نصیب کی زیر صدارت تاجر رہنماؤں کے خصوصی اجلاس میں تاجر رہنماؤں خواجہ اعجاز احمد، امتیاز خان،میاں امداد حسین گوشی، حاجی عامر،قیصر بٹ،شیخ عارف، ملک اکرم کلو، چاچو امجد سیون اپ سمیت اشتیاق عرف شاقی خصوصی طور پر شریک ہوئے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعظم کلاتھ مارکیٹ لاہور اینڈ کراچی بلاک کے صدر ملک زمان نصیب نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ اور معاشی پالیسیوں کی فیصلہ سازی کے دوران تاجروں اور بزنس سیکٹر کو متاثر ہونے سے بچانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ تاجر کمیونٹی کو خسارے سے نکلنے کیلئے ٹیکسز ڈیوٹیز میں ریلیف دیا جائے۔
چھوٹے بڑے صنعتی یونٹس کو آفت زدہ حالات میں بجلی گیس کی قیمتوں میں پچاس فیصد تک سبسڈی دی جائے۔ سال رواں میں ٹیکس اور ڈیوٹیز کی شرح میں واضع کمی کردی جائے۔ بزنس سیکٹر کو مزید بحرانوں سے بچانے کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وبا سے متاثر ہونے والے تاجروں دکانداروں صنعتکاروں کیلئے حکومت خصوصی ریلیف پیکجز لے کر آئے۔ صدر اعظم کلاتھ مارکیٹ لاہور اینڈ کراچی بلاک ملک زمان نصیب نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ بزنس کمیونٹی کی خدمت کیلئے ہمارے دروازے دن رات اور صبح و شام کھلے ہیں۔ خدا کرے پاکستان اور عالم انسانیت اب کے برس اس وبا سے نجات حاصل کرلیں۔ امن خوشحالی سلامتی استحکام معاشی اقتصادی کاروباری متوازن حالات پاکستان کا مقدر ٹھہریں۔ وبا سے بچاو اور پھیلاو سے روک تھام ملکی معاشی حالات کو بحران سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ مہنگائی اور غیر مستحکم کاروباری حالات میں پھنسے بزنس سیکٹر کو استحکام دینے کیلئے تاجر کمیونٹی کی رائے اور مطالبات کو سنا جائے۔