افواج پاک کا انسداد کورونا کیلئے حکومت کی مدد جاری رکھنے کا عزم 

      افواج پاک کا انسداد کورونا کیلئے حکومت کی مدد جاری رکھنے کا عزم 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 راولپنڈی(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں مسلح افواج نے کورونا سے نمٹنے کیلئے سول انتظا میہ کی بھرپور مدد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں عالمی وعلاقائی اور اندرونی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ خیبرپختونخوا میں نئے ضم ہونیوالے اضلاع کی سکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مشرقی سرحدوں، ایل او سی کی صورتحال پرغور کیا گیا اور پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کی طرف سے جنگ بندی پراتفاق کے بعد کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے پاک آرمی کی آپریشنل تیاریوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ اندرونی سلامتی کی صورتحال بشمول کورونا کی تیسری لہر کا جائزہ لیا گیاجبکہ کشمیریوں کی جدوجہد کیساتھ بھر پور یکجہتی کا بھی اعادہ اور حق خود ارادیت کیلئے جاری جدوجہد میں کشمیری بھائیوں کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیاگیا۔240 ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں شرکاء نے عالمی، علاقائی اور ملکی سلامتی کی صورتحال کا جامع جائزہ لیا۔ فورم نے حالیہ مشقوں کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا ضم اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل ہونا چاہیے، تاکہ جلد سول انتظامیہ کو ان کی منتقلی کا عمل مکمل کیاجاسکے۔شرکا نے افغان امن عمل اور جاری کوششوں میں مثبت پیشرفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔فورم کو دوست ممالک کے ساتھ ملٹری انگیجمنٹ سے بھی آگاہ کیا گیا۔جی ایچ کیو میں منعقد ہونیوالی 240ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں تمام کور کمانڈرز اور پرنسپل سٹاف افسران نے شرکت کی۔
افواج پاک عزم

مزید :

صفحہ اول -