سیکیورٹی خدشات، پارلیمانی وفد کے طیارے کو کابل اترنے کی اجازت نہ ملی، دورہ ملتوی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت افغانستان کے دورے پر جانیوالے پارلیمانی وفد کے جہاز کو کابل ائیر پورٹ پر لینڈنگ کی اجازت نہ ملنے کے باعث دورہ ملتوی کر دیا گیا۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پارلیمانی وفد کے ہمراہ تین روزہ دورے کے لیے افغانستان روانہ ہوئے تھے، وفد میں نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان اور رکن پارلیمان غلام مصطفیٰ شاہ بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ وفد میں ساجد خان، رانا تنویر، گل داد خان، شیخ یعقوب اور شاندانہ گلزار بھی شامل تھے۔پاکستان کے پارلیمانی وفد نے 8 سے 11 اپریل تک افغانستان کا دورہ کرنا تھا اور اس دوران وفد نے افغان صدر اشرف غنی، وزیر خارجہ اور افغان پارلیمنٹ کے سپیکر سے ملاقاتیں کرنا تھیں۔پارلیمانی وفد کے دورے کا مقصد پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعتماد بحال کرنا اور افغانستان کے راستے وسط ایشیائی ممالک کیلئے برآمدات میں رکاوٹوں کے معاملے پر بات چیت کرنا تھا۔اس کے علاوہ وفد نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت بڑھانے اور پاک افغان سرحد پر بسنے والی آبادی کیلئے معاشی مواقع پیدا کرنے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کرنا تھا۔۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کابل کا انٹرنیشنل ائیرپورٹ بند کر دیا گیا، جس کے باعث پاکستانی وفد کے جہاز کو لینڈنگ کی اجازت نہ ملی اور پاکستان پالیمانی وفد کو لے جانے والے جہاز کو واپس اسلام آباد آنا پڑا۔بعد ازاں دورہ کابل ملتوی ہونے پر افغان پارلیمان کے سربراہان نے سپیکر اسد قیصر کو ٹیلیفون کیا۔افغان چیئرمین سینیٹ فضل ہادی مسلم یار اور سپیکر ولوسی جرگہ میر رحمان رحمانی نے بھیسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو الگ الگ فون کیا۔گفتگو میں سپیکر اسد قیصر کا دورہ ملتوی ہونے کے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سربراہان افغان پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد کا جہاز سیکورٹی خدشات کے باعث نہیں اتر سکا۔ سپیکر ولوسی جرگہ میر رحمان رحمانی نے کہا کہ پاکستانی وفد کی سیکیورٹی ہرچیز پر مقدم ہے،امید ہے بہت جلد پاکستان کا پارلیمانی وفد کابل کے دورے پر آئے گا۔اس موقع پر سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ سیکیورٹی صورتحال بہترہونے پر جلد افغانستان آؤں گا،افغانستان میں امن و استحکام کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا،افغانستان کے ساتھ تعلقات کو بہت عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں بعد ازاں پاکستان کے پارلیمانی وفد کا دورہ ملتوی ہونے پر افغان حکام کی وضاحت بھی سامنے آ گئی۔اس حوالے سے کابل میں حامدکرزئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ کے قریب عمارت میں دھماکا خیز مواد کی موجودگی کی اطلاع تھی، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر طیارے کو لینڈنگ سے روکا گیا۔
پالیمانی دورہ ملتوی