کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی ضمانت قبل از گرفتاری میں مزید توسیع
پشاور(نیوزرپورٹر) پشاورہائیکورٹ نے بغاوت کے مقدمے میں مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی ضمانت قبل از گرفتاری میں مزید توسیع دے دی۔ کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس لعل جان خٹک پر مشتمل سنگل رکنی بنچ نے کی۔ کیس پرسماعت شروع ہوئی تو کیپٹن (ر)محمد صفدرعدالت میں پیش ہوئے تاہم انکے وکیل سپریم کورٹ بار کے صدر عبدالطیف آفریدی عدالت میں پیش نہیں ہوئے جسکے بعد عدالت نے کیپٹن صفدر کی ضمانت قبل از گرفتاری میں مزید توسیع کرتے ہوئے کیس پر سماعت ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن)کے رہنما پرپشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران اداروں کے خلاف باتیں کرنے کا الزام ہے جس پر تھانہ شرقی میں کیپٹن (ر) صفدر پر بغاوت کا مقدمہ درج کیاگیا تھا جسکے بعد انہوں نے ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے درخواست دائر کی ہے۔