محکمہ خوراک نے گرانفروشی پر مزید 24 افراد کو گرفتار کرلی
ا
پشاور(سٹی رپورٹر) محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 24 افراد کو گرفتار کرلیا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے باڑہ روڈ‘ پشتخرہ‘ اولڈ باڑہ روڈ اور گلبرگ میں پری رمضان آپریشن کے دوران اشیائے خوردونوش کی دکانوں میں معیار کو چیک کیا اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 24 افراد کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ گرانفروشوں میں سبزی و پھل فروش‘ دودھ و دہی فروش‘ نانبائی‘ قصائی‘ بیکری و جنرل سٹور مالکان او دیگر شامل ہیں۔ اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرانفروشی کسی صورت قبول نہیں ہے جس کے خاتمے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے جبکہ مرتکب افراد کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہری گرانفروشوں کی نشاندہی کریں جس کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے گا اور اس سلسلسے میں کسی کیساتھ نرمی نہیں کی جائے گی۔