بھارت میں ریکارڈ کورونا کیسز کے باوجود آج سے آئی پی ایل شروع
چنئی (ویب ڈیسک) بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شدت اختیار کر رہی ہے اور نئے متاثرین کی ریکارڈ تعداد سامنے آرہی ہے لیکن اس کے باوجود آئی پی ایل کا جمعے سے آغاز ہو رہا ہے۔ مقابلے چنئی، بنگلور، دہلی، ممبئی، کولکتہ اور احمد آباد میں کھیلے جائیں گے جہاں وائرس میں شدت آگئی ہے۔ بھارت میں وبا سے اب تک ایک لاکھ 65 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔
غیرملکی نشریاتی ادارے کے مطابق موقر بھارتی روزنامے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سال آئی پی ایل کہیں ٹائم بم نہ بن جائے۔ لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل کے انعقاد پر کوئی خدشہ نہیں۔ خیال رہے کہ اب تک چار کھلاڑی اور ایک ٹیم کے عہدے دار میں کووڈ19کی تشخیص ہو چکی ہے ۔ افتتاحی میچ رائل چیلنجرز بنگلور اور ممبئی انڈینز کے درمیان ہوگا۔