سعودی عرب اور قطر سے 30ارب ڈالر کی سرمایہ کاری نہ آنے کی اصل وجہ کیا ہے ؟ ہارون شریف کا تہلکہ خیز انکشاف
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سابق چیئرمین ہارون شریف نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب اور قطر سے یقین دہانی کے باوجود 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری نہ آنے کی وجہ عدم تحفظ کی شکار بیورو کریسی کے ڈھانچے، سیاسی مداخلت، ناتجربے کار اور معلومات سے عاری افراد کی بیرونی سرمایہ کاری کے لیے تعیناتی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ہارون شریف نے کہا کہ معاشی پالیسیوں میں عدم استحکام، افسر شاہی کی مزاحمت، سرمایہ کاری کے لیے بیرون ملک متعین سفیروں اور وزرا کی نامزدگیوں میں سیاسی مداخلت پر انہوں نے پروقار طریقے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔
سابق چیئرمین سرمایہ کاری بورڈنےبتایا کہ کچھ ٹیکنو کریٹس کو غیرمنصفانہ انداز میں عہدے سے بے دخل کرنے کے بعد ان کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا، پالیسیوں پر افسر شاہی کے اثرانداز ہونے کے باعث وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نہیں نبھا پائے۔ہارون شریف کا کہنا تھا انہوں نے ملاقات میں وزیراعظم سے درخواست کی تھی کہ ان کی سربراہی کے بغیر دو طرفہ سرمایہ کاری کا موقع پایہ تکمیل تک نہیں پہنچے گا، افسوس کہ ایسا ہی ہو رہا ہے۔