ازدواجی تعلق قائم کرنے سمیت وہ کام جن سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے

ازدواجی تعلق قائم کرنے سمیت وہ کام جن سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے
ازدواجی تعلق قائم کرنے سمیت وہ کام جن سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) کچھ اشیاءاور کام ایسے ہیں جن کے متعلق مسلمان تذبذب کا شکار رہتے ہیں کہ آیا ان سے روزہ ٹوٹتا ہے یا نہیں۔ اب دبئی کے محکمہ اسلامی امور و فلاحی سرگرمیاں کے مفتی اعظم عبدالباسط احمد حمد اللہ نے تفصیل سے واضح کر دیا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق ان مسائل میں سب سے پہلا مسئلہ دانت برش کرنے کا ہے، جس کے بارے میں مفتی حمد اللہ نے کہا ہے کہ ٹوتھ پیسٹ کے ذریعے دانت برش کرنے کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے کیونکہ ٹوتھ پیسٹ کے حلق میں اترنے کا امکان ہوتا ہے۔ بہتر یہ ہو گا کہ مسلمان روزے کی حالت میں مسواک کریں۔ مسواک رسول اللہ صلی اللہ و علیہ وآلہ وسلم کی سنت مبارکہ بھی ہے۔
پیراکی اور نہانے کے متعلق مفتی حمد اللہ نے بتایا ہے کہ ان سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔ البتہ پیراکی کے دوران اگر پانی ناک یا منہ میں داخل ہو کر گلے سے اتر جائے تو روزہ ٹوٹ جائے گا۔ کسی بھی طرح سے پانی یا دیگر ایسی کسی چیز کے گلے تک پہنچ جانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے۔
روزے میں ازدواجی تعلق قائم کرنے سے یقینی طور پر روزہ ٹوٹ جاتا ہے۔ چنانچہ روزے کی حالت میں شریک حیات سے گلے ملنے یا بوسہ کرنے سے بھی گریز کرنا چاہیے کیونکہ یہ بھی کسی ایسی صورت پر منتج ہو سکتے ہیں جس سے روزہ ٹوٹ جائے۔ ناک میں سپرے کرنے یاکانوں اور آنکھوں میں قطرے ڈالنے سے بھی روزہ ٹوٹ جاتا ہے کیونکہ یہ اشیاءناک، کان یا آنکھوں کے ذریعے جسم میں داخل ہو جاتی ہیں۔ روزے کی حالت میں اگر ناگزیر نہ ہو تو مسلمانوں کو ان سے بچنا چاہیے۔ 
مفتی حمد اللہ کا کہنا تھا کہ ان ادویات کے برعکس انسولین انجکشن سے روزہ نہیں ٹوٹتا، تاہم شوگر کے مریضوں کو نصیحت کی جاتی ہے کہ روزے کی حالت میں انسولین کی کم سے کم مقدار استعمال کریں، جس سے ان کے جسم میں شوگر کا لیول نارمل ہو جائے۔ خواتین کے لپ اسٹک لگانے اور کریمیں استعمال کرنے کے متعلق مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ ان سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔ نیل پالش سے بھی اگرچہ روزہ نہیں ٹوٹتا تاہم وضو سے پہلے اسے اتارنا لازمی ہوتا ہے۔ گالیاں دینے، چیخنے چلانے، جھوٹ بولنے اور موسیقی سننے کے بارے میں مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ ان سے روزہ نہیں ٹوٹتا تاہم ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے روزے کی روح مر جاتی ہے اور جزاءمیں کمی آتی ہے۔ روزہ صرف کھانے پینے سے ہاتھ کھینچ لینے کا نام نہیں ہے۔ ماہ مقدس کے دوران مسلمانوں کو اچھے مزاج اور بہتر کردار کا مظاہرہ بھی کرنا چاہیے۔