کاشتکار گندم سے پہلے رایا انمول کی کاشت اگست میں مکمل کر لیں‘ محکمہ زراعت

کاشتکار گندم سے پہلے رایا انمول کی کاشت اگست میں مکمل کر لیں‘ محکمہ زراعت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(کامرس رپورٹر)محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق کاشتکار جن کھیتوں میں گندم سے پہلے رایا انمول کاشت کرنا چاہتے ہیں وہ اس کی کاشت اگست میں مکمل کر لیں۔ 20تا 32ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت اس کے اگاﺅ کے لئے نہایت موزوں ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق رایا انمول ایک کم دورانیہ کی فصل ہے جو دوسری تیلدار اجناس کی نسبت زیادہ پیداوار اور منافع دیتی ہے۔ اس میں تیل کی مقدار 39فیصد کے قریب ہوتی ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ رایا انمول کی کاشت کے لئے 2کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ بوائی کے بعد 15سے 20دن کے اندر فصل کو پہلا پانی لگائیں جبکہ دوسرا پانی پھول نکلتے وقت اور تیسرا پانی بیج بنتے وقت لگائیں۔ اوسط زرخیز زمین میں 23کلوگرام نائٹروجن، 23کلوگرام فاسفورس اور 12کلوگرام پوٹاش بوقت کاشت ڈالیں۔ تروتر میں بذریعہ پور یا ڈرل کاشت کریں لیکن احتیاط رکھیں کہ بیج زیادہ گہرائی میں نہ جائے ورنہ روئیدگی کم ہو جائے گی۔ ڈر ل سے کاشت کی صورت میں لائن سے لائن کا فاصلہ 45سینٹی میٹر رکھیں۔ اگر ڈرل یا پور میسر نہ ہو تو ہل چلانے کے بعد چھٹہ دیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ لائنوں میں کاشت کی صورت میں جب پودے 4پتے نکال لیں تو فصل کی اس طرح چھدرائی کریں کہ پودے سے پودے کا فاصلہ 10سے 15سینٹی میٹر ہو۔

مزید :

کامرس -