انسانیت کے قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں، میاں شہزاد احمد

انسانیت کے قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں، میاں شہزاد احمد

لاہور(خبر نگار خصوصی) جنرل سیکرٹری مصطفائی تحریک پنجاب میاں شہزاد احمدنے سول ہسپتال کوئٹہ میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید ترین مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کے قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشت گرد اسلام اور پاکستان کے کھلے دشمن ہیں،یہ عناصر انسانیت کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں اور ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔مصطفائی تحریک کی پرامن پاکستان مہم کا مقصد امن سے محبت رکھنے والے پرامن پاکستانیوں کو دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف متحرک کرنا ہے۔

حکومت کوسطحی اقدامات کی بجائے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں خواہ وہ حکومتی ایوانوں میں ہوں یا ایوان سے باہر ان کے خلاف ٹھوس اور انتہائی سخت پالیسیاں بنانا ہوں گی اور تمام مفادات اور مصلحتوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے انسان نما ان درندوں کے سر اور ان کے مراکز کو کچلنا ہوگا جو آئے روز معصوم پاکستانیوں کے خون سے ہولی کھیلتے ہیں۔دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کاروائی ہی کے نتیجے میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ ممکن ہے ۔ انہوں نے واقعے میں جان بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور صحافی برادری، وکلاء اور معصوم شہریوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4