مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونیوالوں کی تعداد 69ہو گئی

مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونیوالوں کی تعداد 69ہو گئی

 سری نگر(آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں حریت پسند نوجوان برہان وانی کی شہادت کو ایک ماہ ہوگیا۔ برہان کی شہادت کے بعد اٹھنے والی آزادی کی لہر کو دبانے کے لیے بھارتی فوج اب تک 69 کشمیریوں کو شہید کرچکی ہے۔ ایک ماہ قبل بھارتی فوج کے ہاتھوں برہان مظفر وانی کی شہادت نے کشمیر میں آزادی کی جدوجہد میں نئی روح پھونک دی۔ کشمیری عوام برہان کی شہادت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے جنہیں منتشر کرنے کے لیے بھارتی فوج نے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔ قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک ماہ کے دوران 69 کشمیری شہید ہوچکے ہیں جبکہ پیلٹ گن کے استعمال سے ساڑھے چھ ہزار کشمیری زخمی ہوئے جن میں سے بیشتر کی بینائی چلی گئی اور سیکڑوں معذور ہوگئے ، کٹھ پتلی انتظامیہ نے وادی کو ایک ماہ سے چھاؤنی میں بدل رکھا ہے۔ انٹرنیٹ ، موبائل فون سروس بند ہے۔ حریت رہنماؤں میں سے بیشتر گھروں میں نظر بند یا حراست میں ہیں۔

مزید : عالمی منظر