ٹیوٹاساہیوال کول پاور پلانٹ کو ماہر افرادی قوت فراہم کریگی:عرفان قیصر شیخ

ٹیوٹاساہیوال کول پاور پلانٹ کو ماہر افرادی قوت فراہم کریگی:عرفان قیصر شیخ

لاہور ( کامرس رپورٹر)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) ،بیجنگ لیوسن الیکٹرک ٹیکنالوجی لمیٹڈ چین کے تعاون سے ساہیوال کول پاور پلانٹ کو ماہر افرادی قوت فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے بیجنگ لیوسن الیکٹرک ٹیکنالوجی لمیٹڈ چین کے 4رکنی وفد سے خصوصی میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفد میں جنرل منیجر ڈینگ یوہوئی، لیو ہاؤ، شو یانن اور ہان زونگ چوآن شامل میں تھے۔ اس موقع پر ٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ، عامر عزیز، اظہر اقبال شاد، عائشہ قاضی اور دیگر موجود تھے۔چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ اس پروگرام کے مطابق ٹیوٹا ماسٹر ٹرینرز اور نوجوانوں کوالیکٹریکل، مکینیکل اور مڈل لیول کے انجیئرنگ میں پاکستان یاچین میں تربیت فراہم کرنے کیلئے حتمی شکل دے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس تربیت کو جلد از جلد شروع کیا جائے گا تاکہ ساہیوال کول پاور پلانٹ کو افرادی قوت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ چینی کمپنی نے وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ٹیوٹا کا دورہ کیا ہے تاکہ مذکورہ پاور پلانٹ کیلئے درکار افرادی قوت کو جلد ی مہیا کرنے کیلئے اقدامات کئے جا سکیں۔جنرل منیجربیجنگ لیوسن الیکٹرک ٹیکنالوجی لمیٹڈ چین ڈینگ یوہوئی نے کہا کہ ہماری کمپنی ساہیوال کول پاور پلانٹ کیلئے کام کر رہی ہے۔

ٹیوٹا کے ماسٹر ٹرینرز کو تربیت دینے کیلئے ہماری کمپنی بھرپور فنی معاونت فراہم کرے گی۔ ٹیوٹا کے ماسٹر ٹرینرز اور نوجوانوں کو تربیت دینے کا حتمی فیصلہ چین جا کر کمپنی کے اعلی حکام کے ساتھ اجلاس کرنے کے بعد طے کیا جائے گا۔

مزید : کامرس