دہشت گردی اور توانائی بحران پر قابو پانے سے ترقی ممکن ہے: محمد حفیظ

دہشت گردی اور توانائی بحران پر قابو پانے سے ترقی ممکن ہے: محمد حفیظ

لاہور( کامرس رپورٹر )پاکستان سپورٹس گارمنٹس سیبلمیشن مینو فیکچرنگ ایسو سی ایشن کے بانی چیئرمین اور ایچ آر سپورٹس گارمنٹس مینو فیکچرز کے چیف ایگزیکٹو محمد حفیظ نے دہشت گردی ،توانائی بحران اوردن بدن بڑھتی ہوئی کرپشن کوپاکستان کی ترقی اورعوام کی خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ اگرحکومت ان بحرانوں پرقابوپاکرملک کوامن کا گہوارہ بنانے میں کامیاب ہوجائے تواوورسیزپاکستانیوں سمیت غیرملکی سرمایہ کارپاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے جس سے نہ صرف ملکی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ روزگارکے نئے مواقع پیدا ہونے سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا اورغربت میں کمی آئے گی۔، ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے حکومت ملک میں فوری طور پر معاشی ایمر جنسی نافذ کرے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روزصحافیوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ محمد حفیظ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لوڈ شیڈنگ سے نجات حاصل کرنے اور سستی بجلی کے حصول کیلئے کالا باغ ڈیم ،دیا مر، بھاشا، مہمند، اکھوڑی،بونجی،کرم تنگی،منڈا،داسوسمیت دیگر ڈیمز فوری تعمیر کیے جائیں ۔

، حکومت نئے آبی ذخائر کی تعمیر کے حوالے سے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مابین ہم آہنگی پیدا کرے کیونکہ پاکستان کی بقاء و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کا راز کالا باغ ڈیم سمیت نئے آبی ذخائر کی تعمیر میں ہی پوشیدہ ہے۔ انہو ں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے اندھیرے میں ڈوبا ہوا پاکستان روشن ہو جائے گااور اس کی تعمیرکے بعد صنعتی پیداوار میں پانچ سے چھ ارب ڈالر جبکہ زرعی پیداوار میں دس سے بارہ ارب ڈالر سالانہ اضافہ ہو جائے گاجبکہ کالاباغ ڈیم بننے سے اٹھارہ روپے یونٹ والی بجلی دو روپے میں ملے گی اور کالاباغ ڈیم سے سالانہ پندرہ ارب یونٹ بجلی پیدا ہو گی جس سے سالانہ تین سو ارب روپے کی بچت ممکن ہوگی جو کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے خاتمے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور روپے کی قدر مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرئے گا۔

مزید : کامرس