سبزیات کو سائنسی اور کمرشل بنیادوں پر کاشت کرکے منافع کمائیں: محکمہ زراعت

سبزیات کو سائنسی اور کمرشل بنیادوں پر کاشت کرکے منافع کمائیں: محکمہ زراعت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( کامرس رپورٹر )محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے کاشتکاروں کو سفارش کی گئی ہے کہ وہ سبزیات کو سائنسی اور کمرشل بنیادوں پر کاشت کرکے منافع کمائیں۔محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق مولی نسبتاً سرد موسم کو پسند کرتی ہے تاہم 40دن والی اگیتی مولی قسم گرمی برداشت کرنے کے علاوہ 45سے55دن کے دوران جلد برداشت کے قابل ہوجاتی ہے ۔اگیتی مولی کی اس قسم کی کاشت اگست کے آخر تک مکمل کریں اور اس کی اچھی کوالٹی کی بہتر پیداوار کے حصول کے لیے دریا، نہر یا راجباہ کے قریب زرخیز میرا زمینوں کا انتخاب کریں۔ مولی کی پوری پیداواری صلاحیت حاصل کرنے کے لیے کھیت کا ہموار ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ نیچی جگہ پر زیادہ اور اونچی جگہ پر کم پانی بیج کے اگاؤ ، بڑھوتری اور پیداوار کو متاثر کرتا ہے ۔

لہذا کاشت کے وقت منتخب کردہ کھیت کو ہموار کریں۔زمین کی تیاری کے وقت ایک دفعہ گہرا ہل اور دوتین عام ہل بمعہ سہاگہ چلائیں اورزمین کو نرم بھربھرا تیار کرنے کے لیے ایک دفعہ روٹا ویٹر چلائیں ۔زمین کی تیاری کے بعد اور کھیلیاں نکالنے سے پہلے ایک بوری ڈی اے پی اور ایک بوری سلفیٹ آف پوٹاش فی ایکڑ استعمال کریں کیونکہ پوٹا ش کھاد جڑ والی فصلوں کے لیے نہایت ضروری ہے ۔مزید برآں یہ کھاد اگیتی مولی کو زیادہ درجہ حرارت اور گرمی کی شدت سے محفوظ رکھتی ہے ۔ بڑھوتری کے دوران اگیتی فصل میں 20سے 25دن بعدجب فصل جڑ بنانا شروع کردے تو آدھی بوری یوریا فی ایکڑ استعمال کریں۔ مولی کے بیج کو 60سینٹی میٹر کی پٹڑیوں کے دونوں کناروں پر بذریعہ چوکا یا کیرا کریں اور اس مقصد کے لیے 3 سے 4کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔اگر بوائی بذریعہ چھٹہ کرنا مقصود ہوتو 4سے 5کلوگرام بیج میں سے آدھا بیج کھیت کی لمبائی اور آدھا بیج کھیت کی چوڑائی کے رخ یکساں چھٹہ کرکے رجر کے ذریعے کھیلیاں بنائیں ۔کھیلیاں نکالنے کے بعد کھیت کو ایک ایک کنال کے حصوں میں تقسیم کرلیں تاکہ پانی لگانے میں آسانی رہے اور وتر کھیلیوں میں برابر سطح پر رہے۔اگیتی کاشتہ مولی کو پہلا پانی بوائی کے فوراً بعد نہایت احتیاط سے لگائیں اورخیال رکھیں کہ پانی کھیلیوں کی چوٹی سے نیچے رہے اور صرف وتر والی نمی بیج تک پہنچے کیونکہ اگر پانی پٹڑیوں پر چڑھ جائے تو زمین کی سطح سخت ہوجانے سے اگاؤ متاثر ہوگا اور پیداوار کم ہوجائے گی۔

مزید :

کامرس -