کوئٹہ دھماکے میں ،را،اور خاد ، ملوث ، دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے ، یکجہتی کونسل

کوئٹہ دھماکے میں ،را،اور خاد ، ملوث ، دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے ، یکجہتی ...

اسلام آباد(اے این این )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کوئٹہ کے اندر ہونے والے دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ حملہ پاکستان اور پاکستان کے پر امن عوام پر حملہ ہے۔اس بدترین اور اندوہناک واقعہ کے ذمہ داران کو گرفتار کر کے کڑی سزا دی جائے۔یہ واقعہ اس بات کی علامت ہے کہ حکومت سورہی ہے۔حکومت کا ذاتی ایجنڈا اپنی مدت پوری کرنا ہے جبکہ عوام مکمل طور پر حالات کے رحم و کرم پر ہیں ۔15 اگست کو مظفر آباد سے چکوٹھی تک مارچ کریں گے اور کشمیریوں کو بتائیں گے کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہاء نہیں ہیں۔ان خیالات کا اظہار سراج الحق نے اسلام آباد میں ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام ’’عالمی دہشت گردی اور پاکستان‘‘کے موضوع پر منعقدہ قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہاکہ عوام مکمل طور پر حالات کے رحم و کرم پر ہیں بلوچستان حکومت تمام سٹیک ہولڈز کو جمع کرے اور ملک سے باہر بیٹھے بلوچ رہنماؤں سے بات چیت کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد بھارتی مداخلت کھل کر سامنے آ گئی ہے کوئٹہ دھماکے میں بھی ’’را‘‘اور ’’خاد‘‘ کا ہاتھ ہے۔ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر زبیر نے کہا کہ آج مسلمانوں کے مقدس مقامات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔پاکستانی حکومت کو چاہیے کہ وہ مسلمان ممالک کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔عوامی مسلم لیگ کے رہنماء شیخ رشید احمد نے کہا کہ دہشت گردی کیوں ہے اس بات کا فیصلہ علمائے کرام نے کرنا ہے۔پاکستان کی سرحدوں کو کوئی خطرہ نہیں اصل خطرہ اندر سے ہے۔جماعت الدعوۃ کے امیرحافظ محمد سعید نے کہا کہ عالم کفر نے مسلمانوں کے خلاف مل کر جنگ چھیڑی ہوئی ہے اور اتنا پروپیگنڈہ کیا ہے کہ مسلمانوں کے لیے دفاعی جنگ لڑنے کی بھی گنجائش نہیں رہی امریکہ دنیاکا سب سے بڑا رسا گیرہے۔رونے دھونے سے معاملہ حل نہیں ہوگا مسئلہ کشمیر اس وقت حل ہوگا جب مذاکرات کی باتیں چھوڑ کر بھارت کو 1948ء کی پوزیشن پر واپس لایا جائیگا۔بھارت کمزور ہوگا تو پوری دنیا اور جنوبی ایشیاء سے دہشت گردی ختم ہوگی۔مسلم لیگ(ن) کے رہنماء سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقیوم نے کہا کہ عالمی دہشت گردی ریاستی دہشت گردی کا دوسرا نام ہے۔افغانستان پر ریاستی دہشت گردی کی گئی اور انسانوں کا قتل عام کیا گیا۔ہماری کشمیر پالیسی کی بنیادیں اقوام متحدہ کی قراردادیں ہیں کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور عالمی برادری نے مسئلہ کشمیر پر دوغلی پالیسی اپنا رکھی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے کنونیئر غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت معصوم کشمیریوں کو ظلم و ستم کانشانہ بنا کر دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے۔لوگوں کو قتل کرنے کے ساتھ ساتھ قدرتی وسائل پر قبضہ،ریاستی باشندوں کو بے دخل کرنا،آبادی کے تناسب کوتبدیل کرنا بھی دہشت گردی ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان میں نظریاتی،معاشی سطح پر تقسیم پھیل رہی ہے اور سرحدوں پر خطرات مسلسل بڑھ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کی آڑ میں اصل ذمہ دارانہ کو نظر انداز کر کے مدارس ،مساجد،خانقاگاہوں اور امام بارگاہوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کی شہادت کے بعد نئی لہر پیدا ہوئی ہے۔پاکستانی قوم کو کشمیریوں کی پشت پر کھڑا ہوناہوگا۔ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر آصف لقمان قاضی نے کہا کہ دہشت گردی کا نشانہ مسلمان ہی بن رہے ہیں اور اسلام کے روشن چہرے کو مسخ کر کے خون ریزی کے ساتھ جوڑا جارہا ہے۔تنظیم اسلامی کے سربراہ حافظ عاکف سعید نے کہا کہ نائن الیون کا ڈرامہ کر کے افغانستان پر حملہ کیا گیا عالمی دہشت گرد امریکہ اور اس کی حلیف قوتیں مسلمانوں کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں۔علمائے و مشائخ کونسل کے چیئرمین خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کو سنجیدگی سے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔مولانا اسد اﷲ بھٹو نے کہا کہ مدارس دہشت گردی کے مراکز نہیں بلکہ اس کے خلاف ہیں دہشت گردی کو اسلام کے ساتھ جوڑنا افسوسناک ہے۔تحریک اسلامی کے رہنماء علامہ عارف واحدی نے کہا کہ ہم صرف دہشت گردی کے خلاف صرف رسم بیانات تک محدود ہیں۔امت کو متحد کرنے کی ضرورت ہے۔فرقہ واریت کو فروغ دینے والوں کی حوصلہ شکنی کی جائے۔پشاور یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ایاز نے کہا کہ ہمیں امکانات اور مواقع پر بھی غور کرنا چاہیے داعش جیسی تنظیم کو مسلمانوں کی مقبولیت کو بدنام کرنے کے لیے کھڑا کیا گیا ہے۔ملی یکجہتی کونسل خیبرپختونخوا کے صدر پروفیسر ابراہیم خان نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کوروکنے کے لیے افغانستان کو پر امن بنانا ہوگا اور شام کے اندر امن کے لیے ترکی اور ایران کے درمیان اتفاق رائے ضروری ہے۔ملی یکجہتی کونسل کے رہنماء علامہ امین شہیدی نے کہا کہ عالم اسلام اور عالم کفر کے لیے پوری دنیا میں اہم مسئلہ اسرائیل ہے۔عالم کفر اسرائیل کو محفوظ رکھنا چاہتا ہے اور اس کے لیے شام میں جنگ چھیڑی گئی ہے ۔اس موقع پر کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید اور زخمیوں کے لیے مغفرت اور جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔

ملی یکجہتی کونسل

مزید : صفحہ آخر