کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے بعد ہسپتال پر حملہ زیادہ افسوسناک ہے: امریکی ترجمان

کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے بعد ہسپتال پر حملہ زیادہ افسوسناک ہے: امریکی ترجمان

واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) امریکہ نے کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ اور بعد میں ہسپتال میں دہشت گرد حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔ وزات خارجہ کی ڈائریکٹر مس الزبتھ ٹروڈو نے ایک تعزیتی پیغام جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان بار کے صدر بلال انور کانسی کے علاوہ ہسپتال میں ہونے والی ہلاکتیں انتہائی افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت نے پاکستان کے وزیراعظم اور حکومت کو قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ہونے والی تمام تحقیقات میں مدد دینے کی پیشکش کی ہے۔ امریکی ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں میں قانون اور میڈیا جیسے اداروں کے ارکان بھی شامل ہیں جو جمہوریت کے ستون شمار ہوتے ہیں۔ زیادہ افسوس کی بات یہ ہے کہ ٹارگٹ کلنگ کے بعد ہسپتال کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں مسٹر کانسی کے قتل پر اپنا ردعمل ظاہر کرنے کیلئے آزاد شہری جمع ہوئے تھے۔ عقل سے عاری لوگوں کے ان ظالمانہ حملوں سے ہمارا یہ مشترکہ عہد مزید ہوتا ہے کہ اس دہشت گردی کو دنیا بھر میں شکست دی جائے گی اور امریکہ پاکستان اور خطے میں موجود اپنے دوسرے پارٹنرز کے ہمراہ دہشت گردی کے خطرے کا مقابلہ کرنے کا کام جاری رکھے گا۔

مزید : صفحہ اول