ضرب عضب نے دہشت گردی کو پارہ پارہ کردیا،آفاق احمد

ضرب عضب نے دہشت گردی کو پارہ پارہ کردیا،آفاق احمد

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چےئرمین آفاق احمد نے کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی ہمارے حوصلے جواں کرنے کے لیے ہے ،شہید ہونے والا ایک ایک رہنما ایک ایک شخص وطن کی حفاظت پر مامور تھا، ہ وکیل ہو یا صحافی یا سرکاری عہدیدار انکی زندگیاں وطن کے لیے تھیں اور انکی شہادت بھی وطن کے لیے ہے۔آفاق احمد نے کہا کہ ابھی کل تک بم دھماکے ہر روز ہوا کرتے تھے،دہشت گرد گلی کوچے میں پھرا کرتے تھے مگر آج ضرب عضب کی قوت نے دہشت گردی کو پارہ پارہ کردیا ہے، آج مہینوں میں ایک آدھ دھماکہ دہشت گردوں کی کمزوری کی علامت ہے۔ ہاں ہمیں دکھ ہے وکلا ،صحافی اور عام پاکستانی کی ہلاکت کا !لیکن جس طرح دہشت گردوں کو ہر آنے والے دن میں شکست ہورہی ہے تو وہ وقت دور نہیں کہ جب پاکستان میں امن واپس لوٹ آئے گا۔ آ فاق احمد نے کہا کہ کراچی سمیت پورے پاکستان میں جو دہشت گرد موجود ہیں انہیں غیرملکی قوتوں کی حمایت حاصل ہے،اب وہ چاہے پڑوسی ممالک ہوں یا مغربی قوتیں ہوں لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ دہشت گرد مقامی ہوتے ہیں۔آفاق احمد نے کہا کہ ہماری حکومتیں باہمی تضاد کا شکار نظر آتی ہیں مرکز کے اختیارات کچھ اور صوبائی اختیارات کچھ اور ہیں جبکہ تماشہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بن رہے ہیں، پاکستان کا ہر شخص جانتا ہے اور یہ بات عام فہم ہے کہ جب تک پورے ملک کی صفائی یعنی غیر قانونی اسلحہ اور دہشت گردوں کی صفائی نہ ہوگی تب تک کراچی ،کوئٹہ، پشاوراور لاہور پر امن نہیں ہوسکتے ۔انہوں نے کہا کہ مرکز اور صوبوں کے حکمرانوں کو ریاست سرخرورکھنے کے لئے بالآخروہ اقدامات کرنے ہونگے جس سے دہشت گرد ملک کے آخری حصہ تک سے ختم ہوجائیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول