سانحہ کوئٹہ ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ سازش ہے، مصطفی کمال
کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان پہ دشمن نے جنگ مسلط کر دی ہے اور اس جنگ میں دشمن وردی پہن کر سامنے نہیں کھڑا بلکہ ہمارے معاشرے ،سیاست او ر پاکستان کی کئی سیاسی و سماجی تنظیموں میں گھس بیٹھا ہے ، ہمیں یہ جنگ جیتنے کے لئے ہمارے درمیان بیٹھے وطن دشمن کا خاتمہ کرنا ہوگا، حکومت پاکستان ، پاکستان میں را کی دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت و شواہد کو دنیا کے سامنے منظر عام پر لے کر آئے، پاکستان میں وہ عناصر جو را کے مددگار اور معاون کے طور پر کام کر رہے ہیں ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کرے جو کہ ابھی تک دیکھنے میں نہیں آرہی جس کو ایک عام محب وطن پاکستانی اچھی نگاہ سے نہیں دیکھ رہاہے، موجودہ حکومت کو اپنے اس طرز حکمرانی پر غور کرنے کی ضرورت ہے جس کی وجہ سے پاکستان کی سا لمیت اور استحکام کو مشکلات سے دوچار ہونے کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ پاکستان دشمن قوتوں کی جانب سے پاکستان کا امن تباہ کرنے کی گھناؤنی سازش کاحصہ ہے ، پاک سر زمین پارٹی اس اندوہناک سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کر تی ہے ، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے سول ہسپتال میں دھماکہ ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ سازش ہے، ایسے حملے پاکستان کی سا لمیت کو متاثر کرنے اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہیں ،سید مصطفی کمال نے بلوچستان بار کونسل کے صدربلال انور کاسی، سابقہ صدر بارکونسل باز محمد کا کڑ ، ڈان نیوز کے محمود ہمدرد، آج نیوزکے شہزاد احمد کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کیا، انہوں نے شہید ہونے والے وکلاء، شہریوں ، صحافیوں ، کیمرہ مینوں ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ زخمی ہونے والے افراد کی جلدعلاج و معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے ، سید مصطفی کمال نے کہا کہ فرائض کی ادائیگی کے دوران میڈیا کے نمائندہ گان کی شہادت اور انصاف کے حصول کے علمبردار وکلاء کو خاص طور پر منصوبہ بندی کے ساتھ نشانہ بنایا جانا انتہائی افسوس ناک ہے ،واقع میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کوجلد سے جلد گرفتار کر کے عوام کے سامنے پیش کیا جائے اور سخت سے سخت سزا دی جائے ، سید مصطفی کمال نے شہید ہونے تما م لوگوں کے لئے دعاکی کے اللہ تعالی تمام شہیدوں کے دراجات بلند فر مائے اور زخمی ہونے والوں کو جلد صحتیابی عطاء فرمائے اور شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطاء فرمائیں۔