سا نحہ کوئٹہ،جدہ میں پاکستانی کمیونٹی اور مختلف تنظیموں نے مذمت

سا نحہ کوئٹہ،جدہ میں پاکستانی کمیونٹی اور مختلف تنظیموں نے مذمت

جدہ (محمد اکرم اسد) کوئٹہ میں خود کش دھماکے میں بڑی تعداد میں شہادتوں پر یہاں ہر آنکھ اشکبار ہے اور اس واقعہ کی پاکستانی کمیونٹی اور مختلف تنظیموں نے مذمت کی ہے۔ کمیونٹی کے اراکین کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پورے ملک میں بلاتفریق آپریشن کیا جائے اور ذمہ داروں کو بلا تاخیر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ پاکستان جرنلسٹس فورم نے اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس میں شہید ہونے والے صحافیوں، وکلاء اور عوام کے درجات کی بلندی اور مغفرت کی دعا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اگر اس واقعہ کی سرکوبی نہ کی گئی تو دہشت گردوں کے حوصلے بڑھ جائیں گے اور اگر ان کو اور ان کے سہولت کاروں کو عبرت کا نشانہ نہ بنایا گیا تو پھر اس طرح کے مزید واقعات کو کوئی نہیں روک سکتا۔ اگر اس میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں، جیسا کہ کہا جارہا ہے تو ان کو ثبوتوں کے ساتھ نہ صرف بے نقاب کیا جائے بلکہ عالمی فورم پر بھی اس کو اٹھایا جائے۔ ہمارے پڑوس میں ایسا واقعہ ہوجائے تو منٹ سے پہلے اس کا الزام پاکستان پر لگادیا جاتا ہے تو پھر پاکستان کیوں خاموش ہے جس کے پاس ثبوت بھی موجود ہیں اور جاسوس بھی پکڑ رکھے ہیں۔ فورم نے شہیدوں کے لواحقین کے ساتھ بھرپور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کے پیاروں کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور انہیں یہ سب برداشت کرنے کی طاقت دے۔ فورم نے پاکستانی قوم سے بھی کہا کہ وہ چوکنے ہوجائیں اور اس کی روک تھام کے لئے متعلقہ اداروں سے تعاون کریں۔

مزید : کراچی صفحہ اول