پشاور کو خوبصورت شہر بنانے کیلئے ’’بیوٹی فیکیشن آف پشاور ‘‘پر کام جاری ہے :عنایت اللہ
پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے بلدیات عنایت اللہ نے کہا ہے کہ پشاور کو خوبصورت اور پھولوں کا شہر بنانے کے لئے ’’بیوٹی فیکیشن آف پشاور‘‘ کے نام سے ایک بڑا منصوبہ جاری ہے جس پر 80فیصدکام مکمل ہو چکا ہے اور اس منصوبے پر 1000ملین روپے لاگت آئی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عنایت اللہ نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت جی ٹی روڈکے اطراف اور سنٹرمیڈیا میں بہت بڑی تعداد میں پودے لگائے گئے ہیں جبکہ پرانے باغات کو نئی جدت اور دلکشی سے ہمکنار کرکے خوبصورت بنایا گیا ہے۔اسی طرح مفتی محمود فلائی اوور،گلبہار فلائی اوور اور پیر زکوڑی فلائی اوور کے نیچے بھی خوبصورت کام کیا گیا ہے جہاں پر پودے بھی لگائے گئے ہیں اس کے علاوہ ثقافتی دروازے اور کھڑکیاں بھی نصب کی گئی ہیں تاکہ اس کے ذریعے ہمارا ثقافتی ورثہ اجاگر ہو۔دریں اثناء خیبر پختونخوا کے سینئر صوبائی وزیر برائے بلدیات عنایت اللہ نے کہا کہ ’’پشاور اپ لفٹ‘‘ پروگرام کے تحت جی ٹی روڈ اور دیگر رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کا کام بھی تکمیل کے مراحل میں ہے جس کا80فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اوراس پر 5ہزار ملین روپے لاگت آئے گی۔اسکے علاوہ سبزہ زاروں اور یوٹرن کی تعمیر بھی مکمل کی گئی ہے جس کی تکمیل سے ٹریفک رواں دواں رہے گی اور عوام کو ٹریفک کامسئلہ درپیش نہیں ہوگا۔اس منصوبے کے تحت سڑکوں کے اطراف سے تجاوزات کا بھی خاتمہ کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو پیدل سفر کرنے میں کوئی دقت نہ ہو۔ان دونوں منصوبوں کی تکمیل سے پشاور نہ صرف خوبصورت اور پھولوں کا شہر بن جائے گا بلکہ ٹریفک کے مسائل سے بھی نجات ملے گی۔