کرئتہ خود کش دھماکہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع انتہائی بہیمانہ اور انسانیت سوز فعل ہے :سکندر شیر پاؤ

کرئتہ خود کش دھماکہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع انتہائی بہیمانہ اور انسانیت سوز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور ،اضلاع (نمائندگان پاکستان )خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر آبپاشی وسماجی بہبود سکندر حیات خان شیرپاؤنے کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی بہیمانہ اور انسانیت سوز فعل قرار دیا ہے۔ انہوں نے دہشتگر دی کے اس واقعے کے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اورانکے لواحقین کوصبرجمیل عطا کر نے کی دعا کی۔اپنے ایک مذمتی بیان میں سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دشمن کی بہیمانہ اور بزدلانہ کاروائیاں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اورصوبائی حکومت کے ترجمان مشتاق احمد غنی نے کوئٹہ میں دہشتگردی کی سفاکانہ واردات کی شید ید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔یہاں سے جاری ایک مذمتی بیان میں انہوں نے دھماکے میں بے گناہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پراپنے دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت دکھ کی اس گھڑی میں بلوچستان حکومت اور متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے،انہوں نے دہشتگردی کی اس مذموم کاروائی میں پیش ورانہ فرائض انجام دینے والے نجی ٹی وی چینل کے صحافی کے جاں بحق ہونے پر انتہائی افسوس کااظہار کیا ہے ۔ترجمان خیبر پختونخوا حکومت نے دھماکے کے زخمیوں کی جلدصحت یابی کی بھی دعاکی ،مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہے یہ محض انسانیت کے دشمن ہیں جو کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،ایسی مذموم کاروائیوں سے دہشتگردی کے خلاف قوم کاعزم پست نہیں ہو سکتا ہے اور پورے ملک کے عوام دہشتگردی کے خلاف پرعزم ہیں۔خیبرپختونخوابارکونسل اورپشاورہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کوئٹہ میں کوئٹہ ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے صدر بازمحمدکاکڑکے ٹارگٹ کلنگ اورہسپتال میں بم دھماکے کے خلاف آج سے دو روزہ عدالتی بائیکاٹ اورایک ہفتے کے سوگ کااعلان کیاہے اس موقع پر پشاورہائی کورٹ اورصوبہ بھر کی ماتحت عدالتوں میں کوئی بھی وکیل پیش نہ ہوگاجبکہ وکلاء بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے اس بات کافیصلہ گذشتہ روزپشاورہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور خیبرپختونخوابارکونسل کے الگ الگ ہنگامی جنرل باڈی اجلاسوں میں کیاگیا ہائی کورٹ بار کے اجلاس کی صدارت صدرمزمل خان ایڈوکیٹ نے کی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے پریس سیکرٹری بلال خان خلیل ایڈوکیٹ کے مطابق سانحہ کے خلاف پیر کے روز بھی پشاورہائی کورٹ کا عدالتی بائیکاٹ کیاگیاجنرل باڈی اجلاس میں پشاورہائی کورٹ کے چیف جسٹس مظہرعالم میانخیل ٗ جسٹس یحیی آفریدی ٗ جسٹس قیصررشید ٗ جسٹس مسرت ہلالی نے بھی شرکت کی اوروکلاء برادری کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیاجنرل باڈی اجلاس سے ہائی کورٹ بار کے صدر مزمل خان ایڈوکیٹ ٗ نائب صدر یوسف ریاض خلیل ٗ عبداللطیف آفریدی ایڈوکیٹ ٗ غلام نبی ایڈوکیٹ ٗ استغفراللہ ایڈوکیٹ اور اعجازصابی سمیت دیگر وکلاء نے بھی خطاب کیااس موقع پر مقررین نے سانحہ کوئٹہ کی شدید مذمت کی اورحکومت سے مطالبہ کیاکہ وکلاء برادری عدم تحفظ کاشکارہیں اورانہیں تحفظ فراہم کیاجائے کیونکہ آئین کے تحت حکومت ہرشہری کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے اس موقع پر سانحہ کوئٹہ میں جاں بحق ہونے والے وکلاء ٗ میڈیاکے ارکان اوردیگر افراد کی ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اوران کے درجات کی بلندی کے لئے اجتماعی دعا بھی کی گئی ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن صوابی کے صدر اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما ارشد علی ایڈوکیٹ نے کوئٹہ میں سینئر قانون دان بلال کاسی ایڈوکیٹ کی ٹارگٹ کلنگ اور بعد ازاں ان کی لاش سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر نے پر مین گیٹ پر بم دھماکے اور اس میں درجنوں وکلاء سمیت بے گناہ لوگوں کی شہادت کی شدید مذمت کر تے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملک میں ٹارگٹ کلنگ اور آئے روز خود کش اور بم دھماکوں کی تدارک کے لئے حکومتی ادارے متحرک ہو جائے اور اس قسم آفسوس ناک واقعات کی روک تھام کے لئے عملی اقدامات اُٹھائے جائے انہوں نے صوابی میں وکلاء کی ایک ہفتے تک سوگ منانے اور آج منگل کو عدالتوں سے بائیکاٹ کا اعلان کیا اور کامیاب اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کوئٹہ واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہو گی اجلاس میں تمام شہداء کی مغفرت کے لئے اجتماعی دُعا کی # فلاحی تنظیم مردان وال خلق کے چیئرمین سید اجمل شاہ ، صدر باسط صافی اور جنرل سیکرٹری جنید ماندوری نے سول اسپتال کوئٹہ میں دھماکے کی سخت مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گرد گروہوں کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سے سخت کارروائی کی جائے، ان کا مزید کہنا تھا کہ مردان وال خلق بلوچستان کے امن پسند شہریوں کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں برابر کے شریک ہیں، دہشتگردوں نے اسکول کے بچوں کے بعد وکلا ، صحافیوں اور پولیس کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے،کوئی بھی دین اور مذہب جنگ کے دوران بھی ہسپتالوں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتا۔ مردان جرنلسٹس فورم کے صدر محمد ایوب ایوب، جنر سیکرٹری شہزاد یوسف زئی ، عتیق خاکسار، عثمان باچا، حنیف اللہ، بہرہ مند خان و دیگر نے سول ہسپتال کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت اور واقعے میں آج نیوز کے کیمرہ مین شہزاد خان سمیت درجنوں بے گناہ افراد کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم کوئٹہ کے عوام کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں برابر کے شریک ہیں اور یہ ہمارا قومی سانحہ ہے جس میں ہم انہیں کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑ سکتے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں بھی کئی صحافی اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں اس کے باوجود حکومت اور میڈیا ہاؤسز مالکان کی جانب سے صحافی کی جان کے تحفظ کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے جو افسوس ناک ہے، صحافیوں کو چاہئے کہ وہ خود اپنی جان و مال کا تحفظ کریں اور خبر کیلئے خود خبر بننے سے بچیں، مردان جرنلسٹس فورم کے عہدیداران نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور ٹی وی چینلز انتظامیہ شہید اور زخمی ہونے والے صحافیوں کے لئے خصوصی پیکچ کا اعلان کرے اور صحافیوں کے جان کی تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات کر یں تاکہ آئندہ اس قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ متحدہ شاپ کیپرز فیڈریشن کا کوئٹہ خودکش حملے کے شہداء کو خراج عقیدت ۔ شہداء کا خون رائیگان نہیں جائیگا۔ دہشت گردی کے خاتمہ اور امن و آمان کے قیام کیلئے سیکورٹی اداروں سے بھر پور تعاون جاری رکھا جائیگا۔ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں جو قربانیاں دی ہے وہ رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیگی ۔ مرکزی صدر حکیم اللہ فوجی ۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے متحدہ شاپ کیپر ز فیڈریشن کے زیر اہتمام ایک تقریب زیر صدارت مرکزی صدر حکیم اللہ فوجی منعقد ہوا ۔ تقریب میں ملک ظفر خان ، حاجی فضل محمود ، حاجی کوثر خان ، عطاء اللہ ، حاجی رحیم خان ، حاجی گل ،میاں رحم باچا ، سید صالح شاہ ، حاجی انور خان ، عنایت اللہ ، حاجی گل محمد ، ضیا ء اللہ باچا اور دیگر تاجروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے مرکزی صدر حکیم اللہ فوجی اور دیگر نے کوئٹہ خود کش حملے کی شدید مذمت کی اور شہداء کے لواحقین کیلئے صبر وجمیل کی دعا کی ۔ مقررین نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیگی ۔ مٹھی بھر دہشت گرد وں کا خاتمہ قریب ہے ۔دہشت گردی کے خاتمہ اور آمن آمان کے قیام کیلئے متحدہ شاپ کیپرز فیڈریشن سیکورٹی اداروں سے تعاون جاری رکھی گی ۔ خیبر پختونخوا پولیس کے شہداٗ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ خیبر پختونخوا پولیس شہداء نے جو تاریخ رقم کی ہے رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیگی ۔ انہوں نے سٹی پولیس کے ایس ایچ او عمران خان کی تاجر برادری کے جان ومال کے تحفظ ، امن آمان ، پولیس گشت کے حوالے سے اقدامات کو سراہا ۔ تخت بھائی کے صحافی برادی نے کوئٹہ خود کش حملے اورخون کی ہولی کی پُر زور الفاظ میں مذّمت کی ہے۔اور واقعے میں شہید ہونے والے صحافیوں وکلاء اور دیگر شہریوں کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔انھوں نے زخمی صحافیوں اور وکلاء کی فوری اور بہتر علاج معالجے اور شہداء کے خاندانوں کے ساتھ فوری مالی امداد کابھی مطالبہ کیا۔اس سلسلے میں مّذمتی اجلاس زیرِصدارت سینئر صحافی اور بائزی پریس کلب شیر گڑھ کے صدر بخت اللہ جان حسرت منعقد ہواجس میں حاجی مراد علی مراد ،مسلم خان صابر،وہاب یوسفی،عزت محمد خپلواک،لیاقت علی ،کوثر علی ہادی ،آفتاب علی،عبد الرشید مہمند۔جمیل الرحمان شاہین،خائستہ رحمان شاہین،مسلم خان ،ڈاکٹر شیر بھادر،محمد علی شاہین، آفسر علی خان شی،ر عالم خا ن اور اسراراللہ خان نے شرکت کی انھوں نے کہا کہ دہشت گرد کی بوکھلاہٹ اس قسم کے حملوں سے واضح ہورہی ہے لیکن وکلا ء صحافی اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکار دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی ہوئی ہے انھوں نے کہا کہ وکلاء اور صحافی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے دہشت گردی کے اس مکروہ واقعے کے بھینٹ چڑھ گئے ہیں۔انھوں ملک کے اندر ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے عوام اور خصوصاًفیلڈ میں کام کرنے والے کارکن صحافیوں وکلاء اور دیگر شعبوں میں کام کرنے والوں کو سیکیورٹی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انھوں نے شہداکے روحوں کی ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کی۔انھوں نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا اور تین دن تک سیاہ پٹیاں باندھنے کا بھی اعلان کیا کوئٹہ سانحہ پر تخت بھائی بار کے وکلا نے کل عدالتوں سے بائیکاٹ ہڑتال اور تین روزہ سوگ کا اعلان کیا اس سلسلے میں تخت بھائی بار کا اجلاس زیرِ صدارت قمر زمان خان ایڈوکیٹ معقد ہواجس میں وکلاء نے کثیر تعداد میں حصہ لیا۔وکلاء نے کوئٹہ خود کُش دھماکے کی شدید الفاط میں مذمت شہید وکلاء اور صحافیوں کی موت پر غم و غصے کا بھی اظہار کیا ۔انھوں نے شہداء کے روحوں کی ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔اور لواحقین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کے لیے بھی دعاکی گئی انھوں نے وکلا ء اور کارکن صحافیوں کو آپنی پیشہ ورانہ ڈیوٹی انجام دیتے وقت سیکیورٹی فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔انھوں آج منگل کے روز مکمل بائیکاٹ اور ہڑتال کا اعلان کیا ۔وہ تخت بھائی پریس کلب کے سامنے دھرنہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔انھوں نے شہید وکلاء اور صحافیوں کے بیوی بچوں کے ساتھ فوری مالی امداد کا بھی مطالبہ کیا انھوں نے کہا کہ تمام بار رومز اور کورٹ کچہریوں کی سیکیورٹی ممکن اور وکلاء کی حفاظت کو یقینی بنانے کی لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا