سانحہ کوئٹہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے ،ڈاکٹرمعراج الہدیٰ

سانحہ کوئٹہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے ،ڈاکٹرمعراج الہدیٰ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیرڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے سول ہسپتال کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کی سخت مذمت اور وکلاء و میڈیا کے نمائندوں سمیت قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر دلی دکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات ، ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے عبرت ناک سزا دی جائے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ کوئٹہ میں جہاں دشمن کرائے کے قاتلوں کے ذریعے اپنی چال میں کامیاب ہو کر کوئٹہ کو لہو لہان کر دیا ہے، وہاں سکیورٹی اداروں کی مکمل ناکامی اور حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن نے صرف کوئٹہ نہیں بلکہ جشن آزادی کے موقع پر پوری قوم کو نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام اور ملکی سلامتی کے لیے اتحاد و یکجہتی کا مکمل مظاہرہ کریں ۔قیمتی انسانی جانوں سے کھیل کر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والے دہشت گردکسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔پورے ملک کی عوام کوئٹہ کے افسوس ناک واقع پر افسردہ ہیں اسلئے حکومت فوری طور پر قومی مشاورت طلب کرکے آپریشن ضرب عضب کو تیز اور حکمت عملی وضع کرے کیونکہ کرپشن و دہشت گردی کے شیطانی گٹھ جوڑ کا خاتمہ قوم کی اولین ترجیح ہے۔صوبائی امیر نے متاثرہ خاندانوں سے دلی اظہار ہمدردی مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبروجمیل کی دعا کی ہے

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر