انتخابات میں حمایت نہ کرنے پر یوسی چیئرمین سیاسی انتقام پر اترآیا،چوہدری بشیر

انتخابات میں حمایت نہ کرنے پر یوسی چیئرمین سیاسی انتقام پر اترآیا،چوہدری ...

کلر سیداں(تحصیل رپورٹر)یونین کونسل دوبیرن کلاں کے موضع ممیام داخلی ممیال کے رہائشی چوہدری بشیر،مسماۃ نرگس سلطانہ اور گلشن نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ یونین کونسل کے چےئرمین کو بلدیاتی انتخابات میں حمایت نہ کرنے پر وہ سیاسی انتقام پر اتر آئے ہیں۔اپنی ذاتی زمین کو ملحقہ قبرستان سے الگ کر کے اسے قبرستان کیلئے مختص کرنے میں وہ نہ صرف رکاوٹ کا باعث بن رہے ہیں بلکہ جگہ چھیننے کیلئے مختلف حربے استعمال کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 12 کنال پر مشتمل رقبہ جو ان کی ذاتی ملکیت ہے گزشتہ روز حفاظتی دیوار تعمیر کر کے اسے الگ کرنے کے بعد جگہ کو ٹریکٹر کی مدد سے ہموار کیا گیا جس پر ہمارے مخالفین نے ہم پر الزام عائد کر دیا ہے یہاں ہمارے رشتہ داروں کی قبریں تھیں جنہیں مسمار کر دیا گیا جبکہ اس بات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں جبکہ مخالفین نے پتھروں کی مصنوعی قبریں بنا کر یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ یہاں قبریں موجود تھیں۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جگہ کی نشاندہی اگر کمیشن کے ذریعے کرائی جائے تو آنے والا فیصلہ ہم سب کیلئے قابل قبول ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کوئی سیاسی عزائم نہیں ہم تو حفاظتی دیوار بنا کر قبرستان کیلئے مختص کی جانے والی جگہ کو تحفظ فراہم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ مخالفین نے حفاظتی دیوار کو بھی نقصان پہنچایا اور خواتین کیساتھ بد تمیزی بھی کی۔انہوں نے بتایا کہ قبرستان کے قریب ہی مسجد بھی تعمیر کی جا رہی ہے جس کیلئے تعمیراتی سامان بھی منگوا لیا گیا ہے،ہمیں خدشہ ہے کہ مسجد کی تعمیر کے موقع پر بھی رکاوٹیں پیدا کر کے ہمیں پریشان کیا جائے گا ۔ادھر یونین کونسل دوبیرن کلاں کے چےئرمین راجہ ندیم احمد نے ان کے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میرا کسی سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں،میں عوامی نمائندہ ہوں اور عوام کے حقوق کی تحفظ میری اولین ذمہ داری ہے۔

 

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر