اخراجات میں کمی اور وسائل میں اضافہ کیلئے کوشاں ہیں :چیف ایگزیکٹیو آفیسر

اخراجات میں کمی اور وسائل میں اضافہ کیلئے کوشاں ہیں :چیف ایگزیکٹیو آفیسر

پشاور( پاکستان نیوز)واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) انتظامیہ اور یونائیٹڈ میونسپل ورکرز یونین نے باہمی مشاورت سے زیر التواء مسائل کے حل پر اتفاق کرتے ہوئے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی جو جلد از جلد کیس تیار کر کے ڈبلیو ایس ایس پی انتظامیہ کو عملدرآمد کے لئے پیش کرے گی۔ اس سلسلے میں ڈبلیو ایس ایس پی انتظامیہ سے یونین کے وفدنے ملاقات کی جس میں ڈبلیو ایس ایس پی کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر خان زیب خان، جنرل منیجر پراجیکٹس عطاء الرحمن، جنرل منیجر آپریشنز علی الرحمن، زونل منیجرز امین گل شنواری، انجینئر فخر عالم جبکہ یونائیٹڈمیونسپل ورکرز یونین کے چیئرمین ملک محمد نوید، صدر مشتاق مسیح، جنرل سیکرٹری حاجی روشن خان، دیگر عہدیدار اعزاز علی شاہ، محمد بلال اور شکیل ہاشم خیل شریک ہوئے۔ ملاقات میں ٹیوب ویل آپریٹرز، خاکروبوں کی بھرتی، ملازمین بچوں کے کوٹے، عیدین پر اوور ٹائم، ایڈوانس لون، چار کول الاؤنس اور دیگرامور پر بات چیت ہوئی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر خان زیب نے وفد کو بتایا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے فیصلہ کیا ہے کہ دو گنا اوور ٹائم گراس تنخواہ پر دیا جائے گااور اوور ٹائم کے زیر التواء بقایاجات فوری ادا کئے جائیں گے جبکہ عید الاضحی کا اوور ٹائم عید کے بعد ادا کیا جائے گا یونین کے دیگر مطالبات بورڈ کے سامنے رکھے جائیں گے اور ان کے جائز مسائل کے حل کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ کمپنی کو مالی مسائل کا سامنا ہے اخراجات میں کمی اور وسائل میں اضافے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں یونین کو کمپنی کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے میں کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جلد بڑے پیمانے پر آگاہی مہم شروع کی جارہی ہے جس میں یونین کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مروجہ پالیسی اورقواعدوضوابط کے تحت بورڈ سے منظورکردہ مطالبات فوری پورے کئے جائیں گے،ملازمین کے لئے ایمپلائز اولڈ ایج بینفٹ انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کارڈ کے معاملے کو جلد حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خدمات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، متوفی اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کو ان کی جگہ بھرتی کیا جارہا ہے اگر کہیں مسئلہ ہے تو اسے یونین کے ساتھ ملکر حل کیا جائے گااور ملازمین کو کام کا بہتر ماحول دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ کی خصوصی ہدایات کے تحت خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری لانے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں، اہداف مقرر کر کے چاروں زونز کو حصول کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، پانی کے غیر قانونی کنکشن کی نشاندہی کر کے رجسٹرڈ کیا جائے گا جس کے لئے جلد خصوصی مہم شروع کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوڑا کرکٹ اٹھانے کی شرح 78 فیصد ہوگئی ہے عنقریب 100 فیصد کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔یونین نے یقین دلایا کہ ادارے کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔

 

مزید : پشاورصفحہ آخر