ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے،محمودخان

ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے،محمودخان

پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل، ثقافت،میوزیم اور امور نوجوانان محمود خان نے سوات کے ضلعی تعمیر نو کے محکموں کے سربراہوں سے کہا ہے کہ وہ ضلع بھر میں مفادعامہ کے منصوبوں پر تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کردیں تاکہ تمام منصوبے بروقت مکمل ہو سکیں اور عوام ان کے ثمرات سے مستفید ہو ں۔انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں میں فنڈ ز کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا،فنڈزکی کوئی کمی نہیں اس لئے ٹھیکیدار اور سرکاری اہلکاروں کے تاخیر ی حربے کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ضلع سوات باالخصوص تحصیل مٹہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کا م کی رفتار کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیاجبکہ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ ایگزیکٹیو انجنئیرزآبپاشی و آبنوشی ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سوات اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجو د تھے۔اجلاس میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مٹہ سوات،خوازہ خیلہ ہسپتال اور بریکوٹ ہسپتال کی اپ گریڈیشن، آبنوشی اور آبپاشی کے جاری منصو بوں پرکام کی رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ڈی ایچ او سوات نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر مٹہ ہسپتال کو کٹیگری بی کا درجہ دیاگیا ہے جو کہ 210بستروں پر مشتمل ہو گا اور ان منصوبوں کی تکمیل سے مقامی لوگوں کو دورجدید کے علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم ہونگی۔اسی طرح حلقہ پی کے 84- مٹہ سوات میں محکمہ آبپاشی و آبنوشی کے بیشترمنصوبے مکمل کئے گئے ہیں اور بعض منصوبوں پر تعمیراتی کام عنقریب مکمل کئے جائیں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محمود خان نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو گا کیونکہ قومی وسائل قوم کی امانت ہیں جن کا منصفانہ طریقے سے استعمال یقینی بنایا جائے گا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر